ہینڈ بال کے کھیل کی ترویج وترقی کے لئے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر مملکت حاجی اکرم انصاری

جمعرات 15 مارچ 2018 23:14

ہینڈ بال کے کھیل کی ترویج وترقی کے لئے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کئے ..
فیصل آباد۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری نے ہینڈ بال کے کھیل کی ترویج وترقی کے لئے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔وہ آج ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اور پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کے اشتراک سے زرعی یونیورسٹی کے ہینڈ بال سٹیڈیم میں کھیلی جانے والی انٹرنیشنل سائوتھ اینڈ سنٹرل ایشیاء یوتھ وجونیئر ہینڈ بال چیمپئن شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بھی مضبوط اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس نے عالمی سطح پر ہمیشہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی اورانٹرنیشنل چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان اورفیصل آباد میں آمد نہ صرف اس شہر کے لئے اعزاز کی بات ہے بلکہ یہ جذبہ خیر سگالی کا بہترین مظہر بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر ملکی ٹیموں کی بہترین میزبانی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور ان کی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کی تعریف کی۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ اس انٹرنیشنل ہینڈ بال چیمپئن شپ میں غیرملکی ٹیموں کی شرکت پاکستان میں کھیلوں کی اہمیت،پرامن ماحول اور پاکستان کی میزبانی پر بھرپوراعتماد کااظہار ہے اور آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوںنے چھ روزہ چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کرنے پر ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جیتنے والی ٹیموں کومبارکباد دی۔تقریب سے صدر پاکستان اولپمکس ایسوسی ایشن جنرل(ر)عارف حسن،صدر پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن محمد شفیق ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہینڈ بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ظفر اوردیگر معاونین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ غیر ملکی ٹیمیں پاکستانی عوام کی محبت اور دوطرفہ بہترین تعلقات کا پیغام لیکر واپس جائیں گے۔

غیر ملکی ٹیموں کے کھلاڑیوں اورآفیشلز نے اظہار خیال کرتے ہوئے عمدہ میزبانی پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں پاکستان کے اہم شہر فیصل آباد میں انٹرنیشنل ہینڈ بال چیمپئن شپ میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہوئی ہے اوروہ پاکستانی عوام کی محبت اورخلوص کی بے حدقدر کرتے ہیں۔ہینڈ بال چیمپئن شپ انڈیا نے جیت لی جبکہ پاکستان نے دوسری اور بنگلہ دیش نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

جونیئر ٹیموں کے مقابلوں میں بھی انڈیا،پاکستان اوربنگلہ دیش باالترتیب پہلے،دوسرے اور تیسرے نمبر پررہے۔پہلی پوزیشن کی حامل ٹیموں کو ٹرافیز اور تین،تین لاکھ روپے نقد،دوسری پوزیشن کی حامل ٹیموں کو ٹرافیزدو،دو لاکھ روپے نقد اور تیسری پوزیشن کی ٹیموں کو ٹرافیزایک،ایک لاکھ روپے نقد انعامات دئیے گئے۔اس موقع پرسی پی او اطہر اسماعیل،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر محمداقبال ظفر،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی سندھ پروفیسر ڈاکٹرمجیب الدین،چیف پیٹرن پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن سید عابد قادری،پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری جاوید اقبال گل،سابق وائس چانسلر ڈاکٹراقرار احمد،فیڈریشن کے دیگرعہدیداران وشائقین کھیل بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :