امن وامان کنٹرول میں ہے اور ہم پی ایس ایل فائنل میچ کیلئے فول پروف انتظامات کررہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 15 مارچ 2018 23:10

امن وامان کنٹرول میں ہے اور ہم پی ایس ایل فائنل میچ کیلئے فول پروف انتظامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) وزیرا علی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ امن وامان کنٹرول میں ہے اور ہم پی ایس ایل فائنل میچ کے لیے فول پروف انتظامات کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بات آج نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے فورا بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال، صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر متعدد اجلاس منعقد کیے ہیں ۔سندھ حکومت نے پریکٹس اور دیگر میچز کے لیے اسٹیڈیم کی عمارت کے اندر ایک خوبصورت گرائونڈ تیار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملحقہ سڑکوں ، گلیوں، چاردیواریوں، اسٹیڈیم کو خوبصورت اور اس کی مرمت کا کام ان کی حکومت نے کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا ایونٹ ہے اور ہمیں اسے کامیاب بنانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے کے ایم سی کو خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے ہیں تاکہ تمام سڑکیں، سیوریج لائن ، کچرا اٹھانے اور اس طرح کے دیگر سول کام کیے جاسکیں۔میئر کراچی کے پاس کافی اختیارات ہیں اوروہ شہر کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔ لاہور میں خود کش حملے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اس کا کراچی کے امن و امان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں اور اب مجھے یقین ہے انہیں دوبارہ ابھرنے کا حوصلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہر میں پائیدار امن کو یقینی بنایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پی ایس فائنل میچ دیکھنے کے لیے پاسس نہیں دیئے جائیں گے۔ میچ کو انجوائے کرنے کے لیے آپ کو ٹکٹ خریدنا ہے نہیں تو آپ اپنے گھروں پر ٹی وی پر میچ سے لطف اندوز ہوں۔

انہوں نے یہ بات خوشگوار موڈ میں کہی۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز میں شریک تمام ٹیموں کے لیے ان کی نیک خواہشات ہیں مگر بطور وزیر اعلی سندھ میں کراچی کنکز کے لیے دعا اور سپورٹ کررہا ہوں ۔قبل ازیں وزیر اعلی سندھ نے اسٹیڈیم کے زیر تعمیر اور زیر مرمت حصوں کا اور انکلوزر کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ اسے 22مارچ تک مکمل کرلیں۔

متعلقہ عنوان :