سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کے مقدمہ میںفرد جرم عائد کردی

جمعرات 15 مارچ 2018 22:47

سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کے مقدمہ میںفرد جرم عائد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کے مقدمہ میںفرد جرم عائد کر تے ہوئے مزید سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی ہے اورواضح کیاہے کہ طلال چوہدری کودفاع کا پورا موقع دیا جائے گا۔ جمعرات کوجسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پروزیرمملکت طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے پیش ہوکر عدالت کوآگا ہ کیا کہ ہم نے شوکاز نوٹس کے جواب میں اپنا تحری جواب عدالت میں جمع کرا دیا ہے، میری استدعا ہے کہ ابھی میرے موکل پر فرد جرم نہ لگا ئی جائے کیو نکہ کسی پر فرد جرم عاعائد ہونا ایک داغ ہوتاہے، جس پرجسٹس اعجازافضل نے ان سے کہا کہ عدالت کوآج فرد جرم عا ئد کر نے دیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد آپ کو دفاع کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا ، یہ کوئی داغ نہیں ہے کئی لوگوں پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد مقدمات ختم بھی ہوئے ہیں ۔.طلال چوہدری کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل نے جو بیانات دیئے ہیں وہ توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتے، طلال چوہدری نے جو بیانات دیئے ہیں ان کو بدنیتی تو کہہ سکتے ہیں لیکن توہین عدالت نہیں۔ تاہم عدالت نے فاضل وکیل کی استدعا سے اتفاق نہیں کیا اور طلال چو ہدری پر تو ہین عدالت کے کیس میں فرد جرم عائد کر دی ۔ سماعت کے دوران وزیرمملکت طلال چوہدری نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ بعد ازاں عدالت نے متعلقہ دستاویزکی ایک نقل ان کے وکیل کو فراہم کرنے کے بعد مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔