شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں علاقائی سطح پر قائم سوسائٹیز اہم ثابت ہو رہی ہیں، گورنر سندھ

جمعرات 15 مارچ 2018 22:44

شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں علاقائی سطح پر قائم سوسائٹیز اہم ثابت ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ قومی معیشت کی شہ رگ کراچی کی ترقی و خوشحالی ، امن و امان کے استحکام و تسلسل اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں علاقائی سطح پر قائم سوسائٹیز اہم ثابت ہو رہی ہیں ، علاقائی سطح کے حالات میں بہتری ،مکینوں کو سہولیات کی فراہمی، مشکلات اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمہ میں یہ سوسائٹیز منفرد کردا ر ادا کررہی ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ سوسائٹی میں سکونت اختیار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں اس ضمن میں ڈیفنس ہائوسنگ سوسائٹی شہر میں پرکشش اہمیت کی حامل ہے جہاں لوگوں کو پرامن ماحول، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بہترین انفرااسٹرکچر کی سہولیات حاصل ہیں ،ساحلی پٹی کے پرکشش ماحول پر قائم سوسائٹی کے حالات ہمیشہ سے ہی ساز گار رہے ہیں جس کہ وجہ منظم نیٹ ورک ، جدید سہولیات ، بہترین سیکیورٹی انتظامات اور ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گورنر ہائوس میں ڈیفنس سوسائٹی ریزیڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سابق چیف سی پی ایل سی شرف الدین میمن کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں نائب صدر زاہد اقبال ،محترمہ طاہرہ اطہر نسیم اور جنرل سیکریٹری منصور آئی عثمان شامل تھے ۔ ملاقات میں علاقائی سطح پر قائم سوسائٹی کا کراچی کی ترقی و خوشحالی میں کردار ، امن و امان ، قومی ترقی، ڈیفنس سوسائٹی کے مسائل ، درپیش مشکلات ،حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کے مجموعی حالات میں بہت بہتری آرہی ہے جس سے قومی معیشت فعال کردار ادا کررہی ہے ، سرمایہ کاری میں اضافہ ، صنعتی فعالیت ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں لیکن امن و امان کے استحکام و تسلسل سے برقرار رکھنے کے لئے سوسائٹی کی طرز پر اقدامات اہم ثابت ہو سکتے ہیں ، علاقائی سطح پر ترقیاتی کام ، جرائم کے خاتمہ اور سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہوتی ہے ، شہر کے بغیر ماسٹر پلان پھیلنے سے مسائل نے جنم لیا بین الاقوامی شہر میں جدید ترقی کے لئے علاقائی سطح پر حفاظتی حصار ، سہولیات کی فراہمی، شخصی شناخت اور مسائل کے فوری حل سے لوگ خود کو محفوظ ، پرسکون ، آرام دہ اور اطمینا ن محسوس کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیفنس سوسائٹی میں پر کشش ماحول کی فراہمی اور سیکیورٹی کے موئثر انتظام نے اس کی حدود اور اہمیت میں اضافہ کیا بلاشبہ ڈیفنس سوسائٹی اپنے معیا ر کے لحاظ سے سکونت اختیار کرنے کی اولین ترجیح بن چکی ہے ، سوسائٹی میں پینے کے صاف پانی کی تسلسل سے فراہمی کے لئے جلد ہی کنٹونمنٹ بورڈ ، ڈی ایچ اے اور واٹر بورڈ حکام کا اجلاس طلب کرینگے جس میں ڈیفنس سوسائٹی کے عہدیداروں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ یہ مسئلہ جلد حل کیا جا سکے ۔

ملاقات میں ایسوسی ایشن کے صدر شرف الدین میمن نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ڈیفنس کے مکینوں کا سب سے بنیادی مسئلہ پینے کے صاف پانی کی تسلسل سے فراہمی کا ہے اعدادو شمار کے مطابق اس وقت ڈیفنس کو 6MGD پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ طلب اس سے کئی گنا زائد پانی کی ہے ۔انہوں نے ڈیفنس سوسائٹی میں جاری ترقیاتی کام ، بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور حفاظت کے ضمن میں سیکیورٹی کے موئثر انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلی سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :