شہریوں کے جذبے اور شوق کے پیش نظر PSLفائنل تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا،میئرکراچی

ایک طویل عرصے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کی رونقیں واپس لوٹ رہی ہیں،کراچی پہنچنے والی ٹیموں کا شاندار استقبال کریں گے،وسیم اختر

جمعرات 15 مارچ 2018 22:40

شہریوں کے جذبے اور شوق کے پیش نظر PSLفائنل تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا،میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں کے جذبے اور شوق کے پیش نظر PSLفائنل تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا،ایک طویل عرصے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کی رونقیں واپس لوٹ رہی ہیں،کراچی پہنچنے والی ٹیموں کا شاندار استقبال کریں گے، یوم پاکستان اورPSLفائنل کے لئے سڑکوںپرصفائی ستھرائی کا انتظام اور نیشنل اسٹیڈیم آنے والے تمام روٹس کو برقی قمقموں اور کھلاڑیوں کے کٹ آئوٹ سے سجایا جائے گا،توقع ہے کہ تمام کاموں کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا، یہ بات انہوں نے 25مارچ کو ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اچانک دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، وائس چیئرمین عبدالرئوف خان اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے شارع فیصل، اسٹیڈیم روڈ، سوک سینٹر، ڈالمیاروڈ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہکرکٹ سے متعلق مختلف ٹیموں، نئے اور پرانے کھلاڑیوں کو کے ایم سی کراچی میں خوش آمدید کہنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،PSLکے فائنل سے کرکٹ کے فروغ پر نہایت اچھے اور مفید اثرات مرتب ہوں گے،اس تاریخی موقع پر کے ایم سی کا محکمہ فائر بریگیڈ، سٹی وارڈنز، محکمہ میڈیکل اور دیگر محکمے اپنے فرائض بھرپور طریقے سے انجام دیں گے، انہوں نے کہا کہ PSL فائنل کے سلسلے میں صوبائی انتظامیہ اور دیگر حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ایسے انتظامات کئے جا رہے ہیں کہ شہریوں کے لئے یہ موقع یادگار بن جائے اور کراچی میں کرکٹ سے محبت رکھنے والوں کو ایک بہترین اور سنسنی خیز میچ سے محظوظ ہونے کا بھرپور موقع ملے۔

متعلقہ عنوان :