وزیراعلیٰ سندھ نے 12 جدید آلات سے آراستہ ایمبولینسز ضلع تھرپارکر کے حوالے کردیں

مجوزہ ایمبولینسز 6 تعلقہ اسپتالوں کو منتقل کی جائیں گی،تھر میں 253 صحت کی بنیادی سہولیات کے مراکز ہیں،مراد علی شاہ

جمعرات 15 مارچ 2018 22:40

وزیراعلیٰ سندھ نے 12 جدید آلات سے آراستہ ایمبولینسز ضلع تھرپارکر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 12 جدید آلات سے آراستہ ایمبولینسز ضلع تھرپارکر کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ایمبولینسز 6 تعلقہ اسپتالوں کو منتقل کی جائیں گی ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو وزیر اعلی ہائوس میں ربن کاٹ کر ایمبولینسز دینے کی تقریب کا افتتاح کیا، تقریب میں تھر کے ایم پی ایز، ایم این ایز، سینیٹر و چیئرمین ٹان کمیٹیز نے شرکت کی۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ تھر میں 253 صحت کی بنیادی سہولیات کے مراکز ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے تھر میں طبی سہولیات بہت بہتر کردی ہیں اور تھر کے عوام کی بھرپور خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھر میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ رواں سال تھر میں گندم بھی تقسیم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تھر ایئرپورٹ بھی تیار ہو چکا ہے اوربہت جلد تھر ایئرپورٹ کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ آئندہ 10 سالوں میں تھر کابھی کراچی کی طرح بڑے شہروں میں شمار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم تھر کو ہر لحاظ سے اہم بنانے میں مشغول ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ دوست تھر میں ترقی کی مخالفت کررہے ہیں۔لیکن میں ان سے کہوں گا کہ ترقی میں رکاوٹیں نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر سندھ اور ملک کا مستقبل ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ تھر میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کو خاص الانس دے رہے ہیں،ایمبولینسز کے لیے ڈرائیورز بھی بھرتی کیے گئے ہیں۔ تقریب سے ایم این اے نور محمد شاہ و سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :