پیپلز پارٹی نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، بلاول بھٹو زرداری

غریب ، محنت کش عوام کے حقوق کے آواز جس طرح پی پی پی نے بلند کی ہے اسکی مثال ملنا مشکل ہے،چیئرمین پی پی پی

جمعرات 15 مارچ 2018 22:01

پیپلز پارٹی نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے لازوال قربانیاں ..
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2018ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ غریب ، محنت کش عوام کے حقوق کے آواز جس طرح پی پی پی نے بلند کی ہے اسکی مثال ملنا مشکل ہے ۔و ہ گذشتہ روز یہاں پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکریٹریٹ میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے ہولو گرام کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاملک میں اسوقت جو بے یقینی اور مایوسی کی فضا قائم ہے۔ ان نازک حالات میں ہم ملک کے بحرانوں کے گرداب سے نکالنے کے لئے میدان عمل میںنکل آئے ہیں۔ ہماری تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ پی پی پی کے کارکنوں نے ہر دور میں ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خاتمہ کے لئے جو جدوجہد کی وہ سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنوں اور مقامی راہنمائوں پر زوردیا کہ وہ پارٹی کی ممبرسازی کے لئے گلی گلی قریہ قریہ پھیل جائیں تاکہ پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط کرکے ملک کو ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جاسکے۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک محمد وزیر اعوان ، سیکریٹری اطلاعات سید مصدق غزنوی، خواتین ونگ کی ضلعی صدر محترمہ خالدہ شاہد اعوان ایڈوکیٹ ، محمد شفیق راہی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میںمردوخواتین کارکناں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اور آج بھی بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے۔