پنجاب پولیس دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن کردار ادا کر رہی ہے،آئی جی پنجاب

جمعرات 15 مارچ 2018 22:17

پنجاب پولیس دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن کردار ..
لاہور۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن کردار ادا کر رہی ہے اورفورس کے بہادر افسران و اہلکار شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، انہوں نے کہا کہ رائیونڈ دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے نہ صرف فرض شناسی کی اعلٰی مثال قائم کی بلکہ اجتماع گاہ میں موجود ہزاروں افراد کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز لاہور میں رائیونڈ دھماکے کے شہدا ء کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی جی پنجاب گزشتہ رات دھماکے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور یہاں سے زخمیوں کی عیادت کیلئے شریف میڈیکل کمپلیکس اور رائیونڈ ہسپتال کا دورہ بھی کیا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خود کش حملہ آور اجتماع گاہ سے تقریبا500میٹر دور پولیس چیک پوسٹ پر شفٹ تبدیلی کے وقت پرآیا ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے اسے جونہی چیکنگ کیلئے روکا تو حملہ آور نے خودکو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار اور 4 سویلین افرادنے جام شہادت نوش کیا ، دھماکے میں پولیس کے 18 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں اے ایس پی، ایچ ایس اوز اور کانسٹیبلز شامل ہیں جبکہ 15سویلین افراد بھی زخمیوں میں شامل ہیں، تمام زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی ٹیموں نے جائے واردات سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور تفتیش میں تمام پہلوئوں اور محرکات کو زیر غور لایا جا رہاہے اور بہت جلد دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار قانون کی گرفت میں ہونگے،آئی جی پنجاب نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کا مقصد بظاہر امن و امان کی فضا کو نقصان پہنچانا ہے تاہم پنجاب پولیس کے فرض شناس جوان سماج دشمن دہشت گرد عناصر کو انکے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پی ایس ایل میچز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران تمام ٹیموں اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی ، انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش کے مراحل مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو پوری تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا اور غیر ملکی قوتوں کی فنڈنگ یا دیگر ذرائع کے متعلق کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہے ، انہوں نے پولیس شہدا ء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی عظیم قربانی کی وجہ سے قوم ایک بڑے سانحے سے بچ گئی ہے ، تمام شہدا ملک وقوم کے قابل فخر سپوت ہیں جن کے اہل خانہ کی ویلفیئر پنجاب پولیس کی ذمہ داری ہے، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آئی جی پنجاب نے جناح ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے انکے عزم و ہمت اور حوصلے کو داد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :