رائیونڈ دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش اور ہزیمت سے دوچار دشمن کی بزدلانہ کارروائی ہے، محمد شہباز شریف

پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے‘شہید اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی،شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں‘ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل صفایا کرکے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 15 مارچ 2018 22:17

رائیونڈ دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش اور ہزیمت سے دوچار ..
لاہور۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ رائیونڈ میں پولیس چوکی کے قریب دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے اورشکست اورہزیمت سے دوچار دشمن کی بزدلانہ کارروائی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس اندوہناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور وہ ہمارے ہیرو ہیں، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں جس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال موجود نہیں، شہداء کی عظیم قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے قیمتی خون کی ایک ایک بوند کا قرض اتاریں گے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاک دھرتی کا ناسور ہیں،ان کا مکمل خاتمہ ہمارامشن ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے اوریہ جنگ ہم نے ہر صورت جیتنی ہے،قائداعظمؒ کے پاکستان میں آگ اور خون کے کھیل کو بند کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،انہو ںنے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء نے پاکستان میں امن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کی ہیںاور پوری قوم شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے ، شہداء نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل صفایا کرکے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔