آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ، آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں 60 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی، نیکول بولٹن میچ کی بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 15 مارچ 2018 22:09

آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ، آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2018ء) آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 60 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، بھارتی ویمن ٹیم 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں 227 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، نیکول بولٹن 84 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ایلیسی پری 70 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، بیتھ مونی نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، نیکول بولٹن میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بولٹن 84 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں، ایلیسی پری نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہیں، بیتھ مونی 56 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، پانڈے نے 3 پونم یاداو نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بھارت ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں 227 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سمریتی مندھانہ کی 67 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، کپتان متھالی راج 15 رنز بنا سکیں، جوناسین نے 3، ویلنگٹن اور ایلیسی پری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔