طلال چوہدری پر توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد

طلال چوہدری نے صحت جرم سے انکار،چارج شیٹ طلال چوہدری کے وکیل کو فراہم ، آئندہ سماعت ستائیس مارچ کو ہو گی

جمعرات 15 مارچ 2018 19:36

طلال چوہدری پر توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پر توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کردی ہے، طلال چوہدری نے صحت جرم سے انکار کردیا، سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو طلال چوہدری کی جانب سے ان کے وکیل نے نئی درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان اور طاہر القادری کے مقدموں کی طرح تحمل اور درگزر کرے اورنواز شریف اور سعد رفیق کے مقدمات کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے تک سماعت روکی جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں وکیل کی طرف سے کہا گیا کہ مقدمے میں جوڈیشل درگزر کا مظاہرہ کیا جائے۔درخواست کیساتھ عمران خان اور طاہر القادری کے مقدموں کے فیصلے منسلک کئے گئے تھے۔ جسٹس اعجاز افضل نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم کے بعد طلال چوہدری کو صفائی کا پورا موقع ملے گا، ٹھوس شواہد نہ ہوئے تو طلال چوہدری بری ہوجائیں گے۔ عدالت کی طرف سے باضابطہ فرد جرم عائد کی گئی جبکہ طلال چوہدری نے صحت جرم سے انکار کیا۔ چارج شیٹ طلال چوہدری کے وکیل کو فراہم کر دی گئی ہے جبکہ آئندہ سماعت ستائیس مارچ کو ہو گی۔