Live Updates

نگران حکومت کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے ،ْابھی کوئی نام سامنے نہیں آیا‘ خورشید شاہ

جوتا بازی کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں‘ سینٹ میں جس کو اکثریت حاصل ہوگی لیڈر آف اپوزیشن وہی بنائے گا‘ تحریک انصاف سے سیاسی اتحاد کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کریں گے ،ْ اپوزیشن لیڈرکی میڈیا سے گفتگو اپوزیشن کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں ،ْسیاست کرنا سب کا حق ہے‘ ہمیں اکثریت حاصل ہے ،ْشیری رحمن

جمعرات 15 مارچ 2018 18:10

نگران حکومت کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے ،ْابھی کوئی نام سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے ،ْابھی کوئی نام سامنے نہیں آیا‘ جوتا بازی کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں‘ سینٹ میں جس کو اکثریت حاصل ہوگی لیڈر آف اپوزیشن وہی بنائے گا‘ تحریک انصاف سے سیاسی اتحاد کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کریں گے۔

جمعرات کو اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کے معاملے پر کوئی جھگڑا نہیں ہے اور نہ ہم جھگڑا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس اپنے 21 ممبر ہیں اس کے علاوہ اتحادیوں کو ملا کر ہمیں اکثریت حاصل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے بعد آگے کی سیاست کس طرف جارہی ہے وہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہم فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جوتا بازی کی سیاست کی مذمت کرتی ہے‘ ہمارا معاشرہ اس رجحان کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ ہماری اقدار اور روایات کے خلاف ہے۔ جو لوگ سیاسی طور پر میدان میں نہیں آتے وہ اس طرح کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ ان چیزوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم گولیوں سے نہیں ڈرتے۔ نگران حکومت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔

حکومت بھی اس معاملے پر مشاورت کر رہی ہے اور ابھی تک انہوں نے بھی کوئی نام نہیں دیا ہے۔ ہم بھی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورتی عمل میں مصروف ہیں۔ جب کوئی نام وہ بتائیں گے میں پارٹی میں جائوں گا۔ ابھی تک حکومت نے کوئی نام نہیں دیا۔ حالانکہ ابتدائی گفت و شنید ہوئی ہے۔ لاہور میں ایک روز قبل ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ کل کا دھماکہ فکر کی بات ہے۔

ایک طرف دہشتگردوں کی کمر توڑنے کی بات ہو رہی ہے اور دوسری طرف اس طرح کے دھماکے ہو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے نامزدہ کردہ قائد حزب اختلاف کی امیدوار سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کی نشست کے لئے انہیں اکثریت حاصل ہے‘ سیاست کرنا سب کا حق ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ انشاء اللہ سینٹ میں انہیں اکثریت حاصل ہے۔ ان کی جماعت نے اس نشست کے لئے ان کا انتخاب کیا ہے جس پر وہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشکور ہیں۔ پارٹی نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں۔ سیاست کرنا سب کا حق ہے‘ ہمیں اکثریت حاصل ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات