وزیر اعلیٰ شہبازشریف سے پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کی الوداعی ملاقات

فضائی سرحدوںکی بہترین حفاظت پر ایئرچیف مارشل سہیل امان کو خراج تحسین، پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس ہے،قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرات پر فخر ہے‘شہبازشریف

جمعرات 15 مارچ 2018 17:56

وزیر اعلیٰ شہبازشریف سے پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان فضائیہ کے سربراہ(چیف آف دی ائیرسٹاف،پاکستان ائیرفورس) ایئرچیف مارشل سہیل امان نے الوداعی ملاقات کی،جس میںباہمی دلچسپی اورپاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے پیشہ وارانہ امور پرمہارت اور فضائی سرحدوںکی بہترین حفاظت پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ایئر چیف مارشل سہیل امان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کیرئیر کے دوران ملک و قوم کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں ۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے انفرادیت کیساتھ فرائض ادا کیے ہیں۔ملک کیلئے دفاع کیلئے ان کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس ہے۔ پاک فضائیہ کے افسروں اور جوانوں نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بیش قیمت قربانیاں دی ہیںاوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاہینوں نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرات پر فخر ہے۔