پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا افتتاح23مارچ کو ہو گا، تقریب میں شہباز شریف شرکت کرینگے ‘رانا مشہود احمد

پنجاب تیانجن یونیورسٹی ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبہ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی،پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی اور سٹیٹ آف دی آرٹ لیبز سے استفادہ حاصل کریں گے سی پیک منصوبے کی بدولت پنجاب تیانجن یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے والے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہوں گے

جمعرات 15 مارچ 2018 17:43

پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا افتتاح23مارچ کو ہو گا، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی افتتاحی تقریب23مارچ کو منعقد ہو گی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔اس یونیورسٹی کا عبوری کیمپس ٹائون شپ لاہور میں قائم کر دیا گیا ہے جبکہ مستقل کیمپس رائے ونڈ روڈ پر تعمیر کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ٹائون شپ کیمپس کے دورہ کے موقع پر کہی۔اس موقع پر افتتاحی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ---’’پنجاب سپیڈ‘‘کے باعث پنجاب تیانجن یونیورسٹی کا قیام ریکارڈ مدت میں ممکن ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے چین کی تین یونیورسٹیز سے معاہدے طے پاگئے ہیں جن میں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن، تیانجن چین جن یونیورسٹی اور تیانجن پولی ٹیکنیک یونیورسٹی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں الیکٹریکل، مکینکل،آٹوموبائل، سول، آرکیٹیکچر، ٹیکسٹائل اور فیشن ڈیزائننگ پروگرامز سمیت چائنیز اور انگلش لینگویج کے کورسز کروائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کیلئے درکار پروفیشنل سٹاف بشمول ڈینز اور ہیڈ زآف ڈیپارٹمنٹ چین مہیا کرئے گا۔صوبائی وزیرنے کہا کہ سی پیک معاہدے کے تناظر میں یہ پہلا اہم تعلیمی منصوبہ ہے جس سے ہمارے نوجوان عالمی سطح پر استعمال ہونے والی ہائی ٹیک ٹیکنالوجی اور سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریوں سے استفادہ حاصل کریں گے۔اس طرح نوجوانوں کو صنعت و حرفت کے مختلف شعبوں میں با عزت روزگار ملے گا اور اس طرح بے روز گاری کا خاتمہ ہو گا۔