کالا باغ ڈیم بن گیا تو پاکستان دنیا کا ترقی یافتہ ملک بن جائے گا، جمشید دستی

جمعرات 15 مارچ 2018 15:00

کالا باغ ڈیم بن گیا تو پاکستان دنیا کا ترقی یافتہ ملک بن جائے گا، جمشید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ ہمیں تعصب صوبائیت اور لسانیت سے بالاتر ہو کر کالا باغ ڈیم بنانا چاہیے‘ یہ ڈیم بن گیا تو پاکستان دنیا کا ترقی یافتہ ملک بن جائے گا‘ جو بھی ملک کے خلاف بات کرتا ہے وہ غدار ہے‘ ایسا قانون بنایا جائے کہ کوئی بھی پاکستان کے خلاف بات کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جمشید دستی نے کہا کہ کسی کو کوئی مشکل پیش آتی ہے تو وہ ملک کو برا بھلا نہ کہے یہ ہماری سرزمین ہے‘ ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہنا چاہیے۔ ہمیں برما اور فلسطین کے مسلمانوں کی مثال اپنے سامنے رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن مودی اور امریکا ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جو بھی ملک کے خلاف بات کرتا ہے وہ غدار ہے۔

ایسا قانون بنایا جائے تاکہ کوئی بھی پاکستان کے خلاف بات کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ دریا خشک ہو رہے ہیں۔ ملک کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ ملک خشک سالی کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں کا لاکھوں کیوسک فٹ پانی سمندر برد ہو جاتا ہے۔ ہمیں چھوٹے بڑے ڈیم بنانے کے لئے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ کالا باغ ڈیم بنتا تو سندھ کو پانی ملتا ہے۔ ان ڈیموں کے خلاف غیر ملکی ایجنڈا ہے۔ ہمیں تعصب صوبائیت اور لسانیت سے بالاتر ہو کر کالا باغ ڈیم بنانا چاہیے۔ یہ ڈیم بن گیا تو پاکستان دنیا کا ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔