لاہور قلندرز کی مسلسل تیسری فتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 مارچ 2018 00:47

لاہور قلندرز کی مسلسل تیسری فتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست
شارجہ(اردو وپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ2018ئ) پاکستان سپر لیگ کے 26ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 17رنز سے شکست دیکر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی ۔شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ کی جانب سے پہلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز شین واٹسن تھے جو شاہین آفریدی کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔دوسرے آﺅٹ ہونے والے بلے باز جیسن روئے تھے جو سنیل نارائن کی گیند پر 36 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کیون پیٹرسن نے سنیل نارائن کی گیند پر شاندار چھکا لگایا تاہم اگلی ہی بال پر ویسٹ انڈیز کے گیند باز نے انہیں آﺅٹ کرکے پویلین روانہ کردیا۔رمیز راجہ جونیئر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور سات رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

انور علی یاسر شاہ کی دوسری وکٹ بنے ، رائلی روسوو نے لاہور کے باﺅلر ز پر لاٹھی چارج کیا تاہم 42کے انفرادی سکور پر وہ میکلینگھن کا شکار بن گئے ۔

سرفراز اور نواز کے مابین 49رنز کی شراکت داری کے باوجود کوئٹہ کی ٹیم مقررہ20اوور میں 169رنز بنا سکی ، سرفراز28اور نواز 19رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ، لاہور کیلئے نارائن اور یاسر نے دو ، دو جبکہ میکلینگھن اور شاہین آفریدی نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔اس سے قبل بلے باز فخر زمان کے پاکستان سپر لیگ تھری کے سب سے بڑے انفرادی سکور کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔

لاہور کی پہلی وکٹ اینٹن ڈیوچچ کی صورت میں گری جو راحت علی کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔اگلے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز سلمان آغا تھے جو میر حمزہ کی گیند پر جارحانہ سٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم وہ بال کو مس کرگئے اور بولڈ ہوگئے۔برینڈن میکولم نے خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر 5 رنز بناکر نوجوان سپنر حسان خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپ ہوگئے۔

تین وکٹیں گرنے کے باوجود دوسرے اینڈ سے فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے وکٹ کے چاروں طرف سٹروکس لگاکر کوئٹہ کے باﺅلرز کو پریشان کیے رکھا۔فخر زمان نے 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جو پی ایس ایل تھری کا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔فخر کی وکٹ انور علی نے حاصل کی جبکہ ان کا کیچ لانگ آف پر حسان خان نے پکڑا۔فخر کے آﺅٹ ہونے کے باوجود لاہور کے بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور گلریز صدف نے 27 گیندوں پر 42 جبکہ سنیل نارائن نے 14 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ دونوں بلے باز اننگز کے اختتام تک کریز پر موجود رہے۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔