پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم پاکستان کی تقریبات،ہائی کمشنر، سفارتکاروں اور سفارتی برادری کی کثیر تعداد میں شرکت،پاکستانی دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی گئی

بدھ 14 مارچ 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم پاکستان کی تقریبات کا آغاز پاکستانی دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش سے کردیا گیا ہے۔ ہائی کمیشن میں منعقد ہونے والی تقریب میں ہائی کمشنر، سفارتکاروں اور سفارتی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

جیولری ڈیزائنر نائلہ نورانی اور رانا نعمان کے تیار کردہ ملبوسات اور زیورات کی نمائش کی گئی۔ نمائش میں سو سے زائد مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ہائی کمشنر کی بیگم صدف عباس نے یوم پا کستان اور خواتین کے عالمی دن کو باوقار انداز میں منانے کیلئے نمائش کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدف عباس نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خوشی ہے کہ پاکستان کی آزادی کو 70 سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے اور آزادی کیلئے پاکستان کی خواتین نے عظیم قربانیاں اور طویل جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین زیادہ سے زیادہ بااختیار ہو رہی ہیں اور وہ محترمہ فاطمہ جناح اور رعنا لیاقت علی خان کے راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمائش میں پاکستانی ثقافت اور روایتی زیورات اور دستکاریوں کی ایک جھلک پیش کی گئی ہے۔ تقریب کے موقع پر مہمانوں کی بھرپور تواضح بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :