چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان کی پی اے ایف کمپلیکس آمد، پی اے ایف ہسپتال کا افتتاح کیا،ایئر فورس کے عملہ سمیت جڑواں شہروں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی،ایئر چیف مارشل کی گفتگو

بدھ 14 مارچ 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بدھ کو پی اے ایف کمپلیکس میں پی اے ایف ہسپتال کا افتتاح کیا۔ پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کی آمد کے موقع پر ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف (سپورٹ) ایئر مارشل مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے ہسپتال کا افتتاح کیا اور رفاعی منصوبہ کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔ اس کے بعد ہسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور سہولیات کا معائنہ کیا جبکہ انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے سٹاف سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کیلئے تعمیراتی ٹیم کے ارکان نے بھرپور محنت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید آلات کے حامل ہسپتال میں نہ صرف پاکستان ایئر فورس کے عملہ بلکہ جڑواں شہروں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی۔ قومی تعمیر میں پاک فضائیہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں کے دوران قومی ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہسپتال کی تعمیر ایک نمایاں کاوش ہے۔ پی اے ایف ہسپتال 300 بستروں پر مشتمل ہے جو نو منزلوں پر مشتمل جدید ترین عمارت کا حامل ہے جہاں پر مقامی آبادی کو میڈیسن، سرجری، جینی کالوجی، ریڈیالوجی، پتھالوجی، ای این ٹی، آئی، پیڈیائرکس سمیت مختلف شعبوں میں صحت کی عا لمی معیار کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

ہسپتال میں سی ٹی سکین، ایم آر آئی، ڈیجیٹل ریڈیو گرافی، لیبارٹری اور بلڈ بینک سمیت دیگر خدمات عالمی معیار کے مطابق ہوں گی اور جدید ترین مشینری نصب کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :