ملک میں عدم برداشت،نفرت انگیز مواد اور تقاریر کے خاتمہ کیلئے انسانی حقوق کمیشن کو تحقیق اور مشاورت پر خصوصی توجہ دینی چاہئے، مذہبی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمہ کو یقینی بنانا ہو گا،وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ

بدھ 14 مارچ 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) انسانی حقوق کے وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں عدم برداشت،نفرت انگیز مواد اور تقاریر کے خاتمہ کیلئے انسانی حقوق کمیشن کو تحقیق اور مشاورت پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ مذہبی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمہ کو یقینی بنانا ہو گا۔ بدھ کو این سی ایچ آر ہیڈ آفس کے دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست، سول سوسائٹی اور عوام کے اتحاد سے عدم برداشت اور انتہا پسندی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن کے عملہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کمیشن کی مالی اور انتظامی خود مختاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کمیشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے وفاقی وزیر کے کردار کو سراہا۔ این سی ایچ آر کے چیئرمین نے وفاقی وزیر کو کمیشن کی سال 2017ء کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی اور اس کے ساتھ مختلف انسانی حقوق کے حوالے سے 24 تحقیقاتی رپورٹس بھی پیش کیں۔