سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے روسی فیڈریشن کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری میخائل پاپوف کی ملاقات،دفاع اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 14 مارچ 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے روسی فیڈریشن کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری میخائل پاپوف نے بدھ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق میخائل پاپوف مشاورت کیلئے پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاع اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کی بہتری اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور روس فوجی اور تکنیکی تعاون میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ روس کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیاں ہیں جو قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے خطے کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ رواں سال پاک روس قومی سلامتی کے اعلیٰ حکام کی ملاقاتوں سے دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور ان کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔