Live Updates

زرداری سے ہاتھ ملا کر عمران خان نے اپنا ہی نقصان کیا، اپنے کارکنوں کے اعتماد کو توڑا،محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں،2018ء کے انتخابات میں بھی ہمارا بیانیہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ ہی رہے گا، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 14 مارچ 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیاہی اور جوتے پھینکنے کے واقعات ہمیں انتخابی مہم سے روکنے کی کوشش ہے تاکہ ہم خوفزدہ ہو کر اپنی انتخابی مہم کو اس طرح نہ چلا سکیں جس طرح یہ مہم چلنی چاہیئے لیکن یہ بات ضرور ہے کہ مختلف اقسام کے اسکرپٹس آزمانے کی بجائے ہمیں عوامی رائے کو فوقیت دینی چاہئے اور عوام ہی کو فیصلہ کرنے کا حق دینا چاہیئے۔

تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں جب بھی کسی کے راستے روکے گئے تو اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے راستے بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی زندگی عوام کی حمایت ہی سے ہے اور ہمارے نزدیک اصل فیصلہ عوام ہی کا ہو گا، پاکستانی عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت ہی کی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی اس عوامی حمایت کا بھرپور حق ادا کیا ہے اور جب بھی اقتدار سنبھالا ملکی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئی فلاحی منصوبے شروع کیے جن سے آج بھی عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور ان کی اس مقبولیت میں روز بروز اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے، محمد نواز شریف کی دن بدن بڑھتی مقبولیت ہی نے آصف زرداری اور عمران خان کو ملنے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری سے ہاتھ ملا کر عمران خان نے اپنا ہی نقصان کیا ہے اور اپنے کارکنوں کے اعتماد کو توڑا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بلوچستان میں سینیٹ کا کوئی ووٹ نہیں تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج سب کہہ رہے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے اور سپریم کورٹ نے بھی اس کا نوٹس لے لیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو جیل بھی ہوئی تو بھی انتخابات میں ضرور جائیں گے، 2002ء میں بھی محمد نواز شریف کی غیر موجودگی میں سیاست کو زندہ رکھا اور اب 2018ء کے انتخابات میں بھی بیانیہ محمد نواز شریف کا ہی رہے گا۔

ہمارا بیانیہ صرف ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفیر کی تعیناتی ایگزیکٹو کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہ عوامی خدمت جاری بھی رکھے ہوئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات