سیاسی مخالفین کے خلاف غیر روایتی زبان کے استعمال کی وجہ سے سیاستدانوں پر جوتا پھینکنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، وزیر مملکت برائے سمندری امور چوہدری جعفر اقبال کی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 14 مارچ 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے سمندری امور چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف غیر روایتی زبان کے استعمال کے باعث سیاستدانوں پر جوتا پھینکے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ کو ایک ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف توہین آمیز زبان کے استعمال سے گریز کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ تنقید اور توہین آمیز زبان کو برداشت کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنے کی بجائے مثبت سیاست کو فروغ دیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے متعدد عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے اور موثروکارآمد پالیسیوں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نومنتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو خوش آمدید کہا اور اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ جمہوریت اور پارلیمان کے استحکام کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات آئین و قانون کے مطابق منعقد ہوئے۔