رائے ونڈ ، اجتماع کے قریب نثار چیک پوسٹ پر دھماکہ، 3پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ،30سے زائد افراد زخمی

بدھ 14 مارچ 2018 23:14

رائے ونڈ ، اجتماع کے قریب نثار چیک پوسٹ پر دھماکہ، 3پولیس اہلکاروں سمیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2018ء) رائے ونڈ میں اجتماع کے قریب نثار چیک پوسٹ پر دھماکہ، 3پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ،30سے زائد افراد زخمی، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 سمیت دیگر امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو رائے ونڈ تحصیل ہسپتال ، جناح ہسپتال اور شریف میڈیکل کمپلیکس میں طبی امداد کے لئے منتقل کر دیا گیا ہے۔

متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کے قریب نثار چیک پوسٹ پر بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت6 افراد شہید اور30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔

(جاری ہے)

دھماکہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سب انسپکٹر محمد اسلم، کانسٹیبل تنویر احمد اور سعید شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں پولیس اہلکاروں میں اے ایس پی، ایس ایچ او رائے ونڈ ،سب انسپکٹر منظور، کانسٹیبل حامد، نعیم، فاروق، کرامت، اکرم ، سعید، اسرار اور جاوید سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیر لیا۔ دھماکے کے فوری بعدلاہور پولیس نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی اور جائے وقوعہ کے گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ کسی بھی مشتبہ شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا ۔جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ، دھماکے کی جگہ پر رینجرز کی کوئیک رسپانس فورس، فرانزک ماہرین سمیت پولیس افسران نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے رائے ونڈ تحصیل ہسپتال اور شریف میڈیکل کمپلیکس سمیت متعدد چیک پوسٹوں کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی۔ لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر تے ہوئے سینئر ڈاکٹرز کو زخمیوں کے علاج معالجہ کے لئے ڈیوٹی پر تعینات کر دیا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔دھماکہ پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی کی تبدیلی کے وقت ہوا۔ ایس پی صدر عمر فاروق کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا یا پلانٹڈ اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے رائے ونڈ میں دھماکے کی شدید زخمی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :