قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے روسی وفد کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون سمیت علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال،خطہ میں امن و استحکام کیلئے مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے،لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،ایم ایم پوپوف

بدھ 14 مارچ 2018 23:08

قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے روسی وفد کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے بدھ کو روسی فیڈریشن کی سیکورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری ایم ایم پوپوف کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی جس میں روسی فیڈریشن کی سیکورٹی کونسل کے اسسٹنٹ سیکرٹری بھی شامل تھے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون سمیت علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی سلامتی کے مشیر نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے دوروں سے باہمی اعتماد میں اضافہ اور دوطرفہ رابطوں کے استحکام میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے وفد کو عالمی سیاست کے رجحانات، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار اور خطہ میں سٹرٹیجک توازن کو برقرار رکھنے کے بارے میں پاکستان کے کردار کے حوالہ سے تفصیل سے بتایا۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کے مشیر نے خطہ کے ممالک کے باہمی رابطوں کے فروغ کیلئے پاکستان کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سے دنیا سمیت خطہ کے ممالک کس طرح مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہئے کہ وہ پاکستان کے کردار کا اعتراف کرے اور باہمی تعاون سے خطہ کی ترقی میں اضافہ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے فراہم کئے جانے والے کاروباری مواقع اور اقتصادی خوشحالی پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطہ کے ممالک کے باہمی رابطوں میں اضافہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور تجویز پیش کی کہ خطہ میں امن و استحکام کیلئے مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں روس کے تعاون کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ ہم دو عظیم قومیں ہیں جو مل کر روشن مستقبل کے حصول کو یقینی بنا سکتی ہیں۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ایم ایم پوپوف نے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

انہوں نے فوج، دفاع، انٹیلی جنس، سیکورٹی، انرجی اور ٹریننگ وغیرہ سمیت دیگر مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے حوالہ سے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ فریقین نے پاک۔روس باہمی تعلقات میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں ان میں مزید اضافہ اور استحکام آئے گا۔

متعلقہ عنوان :