آئی جی سندھ مفرور ملزم رائوانوارکے بارے میں ان کیمرا بریفنگ دیں،سپریم کورٹ،کوئی توہے جو ملزمان کو تحفظ فراہم کررہا ہے،جسٹس عمرعطا

بندیال،رائوانوار کسی کی سیاسی پناہ میں نہیں ہے، اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ ہمارے صوبے میں نہیں،اس کی آخری لوکیشن بھیرہ تھی،آئی جی سندھ

بدھ 14 مارچ 2018 23:08

آئی جی سندھ مفرور ملزم رائوانوارکے بارے میں ان کیمرا بریفنگ دیں،سپریم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے کراچی میں نقیب اللہ محسود قتل کیس کے مرکزی مفرورملزم سابق ایس ایس پی ملیر رائوانوار کی جانب سے اکائونٹس بحال کرنے کیلئے دائردرخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو رائوانوارکے بارے میں ان کیمرا بریفنگ دینے کی ہدایت کی ہے ، بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نقیب اللہ قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرچیف جسٹس نے بتایا کہ عدالت میں رائو انوار کا ایک اور خط آیا ہے، یہ معلوم نہیں کہ خط اصلی ہے یانقلی، تاہم اس میںکہا گیاہے کہ ان کے بینک اکائونٹ بحال کئے جائیں ، چیف جسٹس نے کہاکہ ہمیں پولیس کی رپورٹس تو مل رہی ہیں لیکن رائو انوار کے حوالے سے کیس میں پیش رفت نہیں ہورہی ،عدالت کوآئی جی سندھ نے بتایا کہ رائوانوار کے معاملے پر ایم آئی اورآئی ایس آئی ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک 12 ملزمان گرفتارہوچکے ہیں، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کررہے ہیں،جسٹس عمرعطا بندیال نے کہاکہ ظاہر ہے کوئی توہے جو ملزمان کو تحفظ فراہم کررہا ہے،آئی جی سندھ نے کہا کہ رائوانوار کسی کی سیاسی پناہ میں نہیں ہے، اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ ہمارے صوبے میں نہیں اور اس کی آخری لوکیشن بھیرہ تھی،گرینڈ جرگہ اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے رائوانوارکی گرفتاری کیلئے تمام اداروں سے تعاون کی اپیل کی ہے، بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی جی ائیرپورٹس سیکیورٹی کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت کل جمعہ تک ملتوی کردی ائندہ سماعت کراچی رجسٹری میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :