سپین کے سفارتکار کارلوس مورالس اور اکنامک اینڈ کمرشل اتاشی Miguel Pena Sanchez نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ

بدھ 14 مارچ 2018 23:08

سیالکوٹ۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)پاکستان میں تعینات سپین کے سفارتکار کارلوس مورالس اور اکنامک اینڈ کمرشل اتاشی Miguel Pena Sanchez نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔سپین کے سفارتکار کارلوس مورالس نے چیمبر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپین یورپی یونین کی ایک اہم اور ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ اپنے محل وقوع کے اعتبار سے یورپ سمیت امریکہ اور افریقی ممالک تک پاکستان مصنوعات کی رسائی کیلئے سپین اہم تجارتی مرکز کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

کارلوس مورالس نے پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سپین میںپہچان صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کے حوالہ سے ہے اس کے علاوہ کوئی قابل ذکر مصنوعات نہیں ہیں جو پاکستان سے سپین برآمد ہو رہی ہوں۔

(جاری ہے)

لہذا پاکستانی بالخصوص سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کی سپین مارکیٹ تک رسائی کیلئے بہتر مارکیٹنگ حکمت عملی اپناتے ہوئے متعارف کروا سکتے ہیں۔

سپین B2Bمیٹنگز اور نجی شعبہ میں تعاون کیلئے پاکستانی برآمد کنندگان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ سپین میں اس وقت جو برانڈز کامیابی کے ساتھ بزنس کر رہے ہیں ان سب نے یورپی یونین کی جانب سے فراہم کردہ برآمدی رعایت جی ایس پی پلس سے بھر پور فائد اٹھایا ہے لہذا پاکستانی برآمدکنندگان بھی اس رعایت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس سے استفاد کر سکتے ہیں۔

قبل ازیں صدر سیالکوٹ چیمبر زاہد لطیف ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سپین اور پاکستان کے درمیان قائم تجارتی و سفارتی تعلقات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ خوشگوارتعلقات قائم ہیں جن کو دونوں ممالک مل کر مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ صدر چیمبر نے مزیدکہا کہ پاکستان کی جانب سے سپین برآمدکی جانے والی مصنوعات میں سب سے زیادہ نمایاں حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات پر مشتمل ہے اورپاکستان سپین سے مشینری، کیمیکل مصنوعات،آئرن، سیٹن لیس سٹیل سمیت مختلف مصنوعات درآمد کر رہا ہے۔

، اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین دیگر مصنوعات کی باہمی تجارت بھی ممکن ہے۔صدرچیمبر نے مزید کہا کہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد، آزادانہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور مقامی سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کا قیام اور دونوں ممالک میں موجود نمایاں چیمبرز آف کامرس بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

صدر چیمبر نے بزنس ویزا کے حصول میںسپین سفارتخانہ کی جانب سے سیالکوٹ کے برآمدکنندگان سے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ویزا پالیسی کو مزید آسان بنایا جانا چاہیے ۔ صدر چیمبر نے کہا کہ سپین نے ایرو اسپیس، قابل تجدید توانائی،صاف پانی، ریل، بائیو ٹیکنالوجی، صنعتی مشینری سمیت سول انجینئرنگ کے شعبہ جات میں بہت ترقی کی ہے ۔سپین ٹیکنالوجی اور پاکستانی ہنر مند د مل کر دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چیمبر ممبران کی جانب سے سپین سفارتکار سے پاکستانی برآمدکنندگان کے سافٹ امیج کو پروان چڑھانے کیلئے سفارتخانہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔