ڈپٹی کمشنر کا بھٹہ خشت کا دورہ ‘ مزدوروں کی اجرت کا جائزہ لیا

بدھ 14 مارچ 2018 23:06

قصور۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا قصور کے نواح میں واقع بھٹہ خشت کا اچانک دورہ ‘چائلڈ لیبر قوانین پر عملدرآمد اور بھٹہ مزدوروں کو دی جانیوالی اجرت کا جائزہ لیا ، تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد کے ہمراہ قصور کے نواح میں واقع ایک بھٹہ خشت کا اچانک دورہ کیا ،انہوں نے چائلڈ لیبر قوانین پر عملدرآمد اور بھٹہ مزدوروں کی مقررہ اجرت کا جائزہ لیااور بھٹہ مزدوروں سے ان کے مسائل دریافت کئے ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ پر کام کرنیوالے مزدوروں سے ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت بار ے بھی آگاہی حاصل کی ،انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھٹہ مزدوروں کو خدمت کارڈ کے اجراء سے ان کی بھرپور مالی معاونت ہو رہی ہے جس سے ان کا معیار زندگی بلند اور ان کے بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقعے میسر آئے ہیں ، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل اور انہیں تعلیم دلانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، والدین بھی اس ذمہ داری کو نبھانے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائیگی ۔