Live Updates

رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ،متعدد زخمی

بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ،پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ‘ ڈی آئی جی آپریشنز پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ریسکیو 1122،بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی سے رپورٹ طلب کر لی، صدر، وزیر اعظم، نواز شریف، زرداری ،عمران خان اور دیگر کا دھماکے پر افسوس کا اظہار

بدھ 14 مارچ 2018 23:06

رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت ..
لاہور/رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ،بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق بزدلانہ کارروائی میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ، اطلاع ملتے ہی پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ریسکیو 1122،بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریب واقع شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس اوررائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ، قانون نافذ کرنے والے اداروںنے جائے وقوعہ کو سیل کر کے قریبی آبادیوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آئی جی پولیس سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ،صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،وزیر داخلہ احسن اقبال، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، (ق) لیگ کے سربراہ شجاعت حسین ، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف زرداری ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت دیگر رہنمائوں نے دھماکے سے ہونے والے نقصان پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایاگیا ہے کہ رائیونڈ اجتماع گاہ کی طرف جانے والے راستے پر قائم نثار چیک پوسٹ پر اے ایس پی ،دو ایس ایچ اوز سمیت اہلکارموجود تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا ۔ دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور افرا تفری پھیل گئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی قریبی تھانوں کی پولیس ،حساس اداروں کے افسران و اہلکار ،ریسکیو 1122اوربم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گئی ۔

امدادی کارکنوں نے زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائے ونڈ اور شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں منتقل کیا ۔ فرانزک ماہرین بھی موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروںنے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا ۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے جائے وقوعہ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر کے مطابق دھماکے میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا جس میں پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے ۔اے ایس پی اور ایس ایچ او زسمیت دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ، ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید بھی ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے مطابق انہیں چار افراد کی شہادت کا بتایا گیاہے ۔ وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی آئی جی پنجاب سے دھماکے کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ محکمہ صحت کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات