شہر ی واسا سے متعلق کسی بھی شکایت کے فوری ازالہ کیلئے ٹال فری نمبرپر 24گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں،ترجمان واسا

بدھ 14 مارچ 2018 22:53

لاہور۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)واساکے ایک ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں پینے کے پانی کا معیار اور آرسینک کی مقدار نیشنل سٹینڈرڈز فار ڈرنکنگ واٹر کوالٹی (NSDWQ)کے مقرر کردہ معیار کے عین مطابق ہے ۔ واسا ایک سرویلینس پروگرام کے تحت روزانہ کی بنیاد پر لاہور کے مختلف علاقوں سے پانی کے 30سی40نمونہ جات اکٹھے کر کے اپنی جدید ترین لیبارٹری سے چیک کروائے جاتے ہیں۔

واسا کی یہ لیبارٹری WHOکی گائیڈ لائن کے مطابق PHDڈاکٹر کی زیر نگرانی کام کررہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں انسٹیٹیوٹ آف پنجاب یونیورسٹی نے شہر بھر سے 1500سے زائد پانی کے نمونے اکٹھے کیے جن کا باقاعدہ لیبارٹری چیک اپ کیا گیا اور تمام نمونے NSDWQکے مطابق درست پائے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ لاہور میں ٹیوب ویلوں پر 400سے زائد فلٹریشن پلانٹس نصب ہیں جن کو ایک ملٹی نیشنل کمپنی KSBآپریشنل رکھتی ہے اور پانی کا معیار بہتر رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

ان پلانٹس میں باقاعدہ کوئی فلٹر نصب نہیں ہوتا بلکہ یہ پلانٹس اپنے خودکار سسٹم کی بدولت پانی کو صاف کرتے ہیں اور جراثیم سے پاک بناتے ہیں۔ لاہور میں پانی 700سے 800فٹ کی گہرائی سے حاصل کرکے صارفین کو مہیا کیا جا تا ہے جسے ان فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے مزید صاف اور معیاری بنایا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں واسا ہیڈ آفس میں سکاڈا سسٹم کے ذریعے لاہور میں لگائے گئے ٹیوب ویلوں پر فلٹریشن پلانٹس کی نگرانی کی جاتی ہے۔

جس کو ایم ڈی واسا اور ڈی ایم ڈی آپریشن خود مانیٹر کرتے ہیں ۔ ترجمان نے بتایا کہ اتنی گہرائی سے حاصل ہونے والا پانی مضر صحت اور کسی قسم کے بیکٹریا پر مشتمل نہیں ہو سکتا اس کے باوجود واسا فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے پانی کا معیار مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ واسا نے گیسٹرو پیکج تحت لاہور میں پرانی آبادیوں میں پانی کی بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کیا ہے جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی مزید ایسی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے ۔

اس عمل سے صارفین کو صاف پانی کی فراہمی کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔صارفین کی سہولت کیلئے واسا کے کمپلینٹ مانیٹرنگ سیل ٹال فری نمبر 1334پر ہر وقت پانی اور دوسرے مسائل سے متعلق شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔ جیسے ہی کوئی شکایت درج ہوتی ہے تو 24گھنٹے کے اندر اس کا ازالہ کر دیا جاتا ہے۔