ڈپٹی کمشنر سلمان غنی سے پریس کلب کے وفدکی ملاقات

بدھ 14 مارچ 2018 22:50

فیصل آباد ۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی سے پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت سابق صدر پریس کلب شاہد علی اور فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا حبیب الرحمن کررہے تھے۔ڈپٹی کمشنر نے وفد کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ صحافیوں کی فلاح وبہبود پریقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ صحافی کالونی کے قیام کا دیرینہ مطالبہ حال کرنے کے لئے انتہائی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کی جارہی ہیں اس سلسلے میں پریس کلب کی گرانقدر مشاورت ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کا ہرممکن تحفظ کیا جارہا ہے اور انہیں پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی ذمہ داریاں پوری کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطیر فنڈز سے پریس کلب میں تعمیروترقی کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے سالانہ گرانٹ کی فراہمی کے لئے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

انہوں نے سماجی ترقی،عوامی مسائل کے حل اور علاقائی تعمیروخوشحالی کے لئے میڈیا کی بہتررہنمائی وفعال کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نشاندہی سے ضلعی انتظامیہ کو مختلف شعبوں میں اصلاح احوال میں خاطر خواہ مدد ملتی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پریس کلب کی تعمیر وترقی اورصحافی برداری کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پریس کلب کے وفد کے قائدین شاہد علی اور رانا حبیب الرحمن نے پریس کلب کے ترقیاتی اموراورصحافیوں کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی خصوصی دلچسپی اوراقدامات کوسراہا۔انہوں نے زوردیا کہ صحافی کالونی کے قیام کادیرینہ مطالبہ فی الفور حل طلب ہے جس کے لئے حکومت پنجاب کو تیزترین اقدامات کرنے چاہیں۔انہوںنے صحافی کالونی کے قیام کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی سوچ سے اتفاق کرتے ہوئے بعض مثبت تجاویز پیش کیں اور اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔اس موقع پر میاں بشیر اعجاز،ارقم عثمان،ساجد خان،محمدطاہر،اشفاق ہاشمی،رانانعیم،ندیم چوہدری،ملک معراج،رانا توصیف،علی ضامن،قاسم صدیقی،سعید سومی ودیگر موجود تھے۔