ڈپٹی کمشنرسلمان غنی کی متعلقہ محکموں کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

بدھ 14 مارچ 2018 22:50

فیصل آباد ۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنرسلمان غنی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ تحصیل کی سطح پر عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ انہیں ضلعی ہیڈ کوارٹر نہ آنا پڑے۔انہوں نے یہ حکم اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات ومسائل سنتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے ان کی شکایات کا فوری نوٹس لیکر بلاتاخیر دادرسی کی جائے تاکہ سرکاری محکموں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

انہوں نے محکمہ مال کے سٹاف کی کارکردگی پر گہری نظر رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے بعض شکایات کے ازالہ کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے درخو است گزاروں سے کہا کہ عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں کی واسا،ریونیو ،صحت اوردیگر محکموں سے متعلقہ شکایات سنتے ہوئے ضلعی محکموں کے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل تیزی سے حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اس ضمن میں محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم،صحت،مواصلات،واٹر سپلائی،سیوریج اور دیگر شعبوں کی محکمانہ سروسز کے فوائد عام شہری تک پہنچنے چاہیں اور تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے باہمی تعاون سے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔