سی پیک کسی ملک کیخلاف نہیں یہ پورے خطے کیلئے اہم ہے ، سرتاج عزیز

ٹھوس حکومتی اقدامات کے باعث چار سالوں میں شرح نمو میں 6 فیصد تک اضافہ ہوا ہے،2030ء تک پاکستان طاقتور معیشت بن کر ابھرے گا، تقریب سے خطاب

بدھ 14 مارچ 2018 21:53

سی پیک کسی ملک کیخلاف نہیں یہ پورے خطے کیلئے اہم ہے ، سرتاج عزیز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سی پیک کسی ملک کیخلاف نہیں یہ پورے خطے کیلئے اہم ہے ،ٹھوس حکومتی اقدامات کے باعث چار سالوں میں شرح نمو میں 6 فیصد تک اضافہ ہوا ہے،2030ء تک پاکستان طاقتور معیشت بن کر ابھرے گا۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے یہ بات بدھ کو پاکستان کیپٹل انوسٹمنٹ سمٹ ایکسپو 2018ء کے موقع پر سی پیک سے متعلق سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف سڑکوں اور بنیادی ڈھانچہ کا منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ دنیا بھر کے افراد کے درمیان رابطہ کاری کیلئے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے ہمارا ملک معاشی طاقت بنے گا جو ہم چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2030ء تک پاکستان ایک طاقتور معیشت بن کر ابھرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2006ء سے 2013ء تک پاکستان کی معاشی شرح نمو 3 فیصد پر منجمد رہی لیکن موجودہ حکومت کے ٹھوس معاشی اقدامات کے باعث گزشتہ چار سالوں کے دوران شرح نمومیں 6 فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ چینی صدر کا آئیڈیا تھا، پاکستان کو اس منصوبہ پر فخر ہے جو کہ ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی شراکت دار ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں ریلوے انفراسٹرکچر کو وسعت دی جائیگی ۔