وزیر ریلویز کا اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں میں سہولیات کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے شارٹ اور مڈم ٹرم ماسٹر پلان بنانے کا حکم

اپ گریڈ ٹرین سے کسی بھی خرابی کی وجہ سے کوچ اتاری جائے تو اس ٹرین میں اسی معیار ،سہولیات کی حامل متبادل پسنجر کوچ لگائی جائے‘ سعد رفیق

بدھ 14 مارچ 2018 21:53

وزیر ریلویز کا اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں میں سہولیات کے معیار کو برقرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں میں سہولیات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے شارٹ اور مڈم ٹرم ماسٹر پلان بنانے کا حکم دے دیاہے ۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپ گریڈ کی جانے والی جس بھی ٹرین سے کسی بھی خرابی کی وجہ سے کوچ اتاری جائے تو اس ٹرین میں اسی معیار اور سہولیات کی حامل متبادل پسنجر کوچ لگائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گرمیوں کا موسم شروع ہونے والا ہے لہٰذا اکانومی کی تمام کوچز میں مناسب ہوا کے لیے پنکھوں کی تعداد پوری کی جائے اور واشنگ لائن میں ہی معمولی ٹوٹ پھوٹ اور خرابی کو ٹھیک کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر خیبر میل کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے اور رواں مہینے کے اختتام تک خیبر میل کے دو اپ گریڈڈ ریک تیار کرلیے جائیں گے۔

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں میں ٹوٹے ہوئے شیشے ، خراب پنکھے ، ٹوٹیاں ، ہینڈ شاور ، فیوزبلب کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا اب ریلوے کے پاس وسائل موجود ہیں لہٰذا اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں کے اسی معیار اور سہولتوں کی حامل اضافی پسنجر کوچز تیار کی جائیں تاکہ ٹرینوں میں سہولیات کا بہترین معیار برقرار رکھا جاسکے۔

خواجہ سعد رفیق نے پسنجر کوچز میں روشنی کا انتظام بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ ریلوے حکام اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں کے معیار اور سہولیات کو برقرار رکھنے کے لیے اگلے ہفتے ماسٹر پلان پیش کریں گے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمدجاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل ٹریفک عبدالحمید رازی ، سی ایم ای کیرج اینڈ ویگن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :