پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گی:شہبازشریف

زرداری نیازی گٹھ جوڑ نے پنجاب کی ترقی سے خائف سوچ سے جنم لیا، عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور دیگر ارکان سے گفتگو

بدھ 14 مارچ 2018 22:14

پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گی:شہبازشریف
لاہور۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ زرداری نیازی گٹھ جوڑ نے پنجاب کی ترقی سے خائف سوچ سے جنم لیا۔ ایک نے کراچی جیسے روشنیوں کے شہر کو کچرا کنڈی بنا دیا اور دوسرے نے پشاور کی خوبصورتی کو برباد کر کے رکھ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور دیگر ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام تباہی اور بربادی نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ایجنڈے کے خوف نے جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو متحد ہونے پر مجبور کیا۔ نیازی صاحب نے ملک کی سب سے بڑی بیماری کو گلے لگا کر نوجوانوں اور عوام کو مایوس کر دیا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا اور سندھ کے عوام بے پناہ مسائل کا شکار اور بے بسی کا نمونہ بن کر رہ گئے۔ جھوٹ اور دغابازی کی سیاست کرنے والے قوم کے رہنما نہیں ہوسکتے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں سے توانائی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔ لاہور، ملتان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام آج جدید ترین اور آرام دہ ٹرانسپورٹ سے مستفید ہو رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی میٹرو کی طرح دنیا کی شاندار ٹرانسپورٹ لائیں گے۔ کاشتکاروں کے لئے سستی کھاد، سستی بجلی، بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں کو بھی لاہور کی طرح جدید اور ترقی یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے۔

جنوبی پنجاب کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان معاشی تفاوت دو رکرنے کے لئے مزید اختراعی پروگرام متعارف کرائیں گے۔ تعلیم اور صحت کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ عوام کو شاندار اور بے مثال سہولتیں فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور دیگر نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔