ْجامعہ عبدالولی خان مردان میں شعبہ پشتو کے طلباء نے فیسوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 14 مارچ 2018 22:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) جامعہ عبدالولی خان مردان میں شعبہ پشتو کے طلباء نے فیسوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔وائس چانسلر کے دفتر کے سامنے مظاہرین کا کہنا تھا کہ سابق وی سی احسان علی نے پشتو، فائن آرٹس اور اسلامیات کے شعبہ جات میں داخلے کی آدھی فیس معاف کر رکھی تھی اور انہوں نے 26 کی بجائے 13 ہزار داخلے کی فیس جمع کرائی تھی لیکن نئے وی سی نے فیصلہ واپس لے لیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اب ان سے ایک بار پھر پوری فیس کا تقاضا کیا جا رہا ہے جو کہ ناانصافی ہے کیونکہ انہوں نے اس شعبہ میں داخلہ آدھی فیس کی وجہ سے لیا تھا۔انہوں نے دھمکی دی کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے فیسوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو وائس چانسلر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔واضح رہے کہ جامعہ عبدالولی خان میں ضرورت سے زائد بھرتیوں کے باعث جامعہ کو گزشتہ سال سے مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مبینہ طور پر فیسوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :