پاکستان او آئی سی کے تین ذیلی اداروں کے گورننگ بورڈز کا رکن منتخب

ان اداروں کیلئے پاکستان کا انتخاب او آئی سی کیساتھ ہماری گہری وابستگی ،مسلم ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا عکاس ہے، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 14 مارچ 2018 22:12

پاکستان او آئی سی کے تین ذیلی اداروں کے گورننگ بورڈز کا رکن منتخب
ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) پاکستان کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تین ذیلی اداروں کے گورننگ بورڈز کا رکن منتخب کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کا انتخاب جدہ میں منعقدہ اقتصادی، ثقافتی اور سماجی امور سے متعلق اسلامک کمیشن کے 41ویں سیشن کے دوران عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

ان ذیلی اداروں میں اسلامک سنٹر برائے تجارتی ترقی (آئی سی ڈی ٹی) ہیڈ کوارٹر کاسا بلانکا، اسلامک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (آئی یو ٹی) ہیڈ کوارٹرز ڈھاکہ اور ریسرچ سنٹر برائے اسلامی تاریخ، آرٹ اور ثقافت (آئی آر سی آئی سی ای) ہیڈ کوارٹرز استنبول شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بدھ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ان اداروں کیلئے پاکستان کا انتخاب او آئی سی کیساتھ ہماری گہری وابستگی اور مسلم ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے ہماری کوششوں کا عکاس ہے۔ یہ اس مکمل اعتماد کا بھی مظہر ہے جو او آئی سی کے رکن ملکوں میں پاکستان کو حاصل ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان او آئی سی رکن ملکوں کے مابین تجارت، تعلیم، اسلامی آرٹ و ثقافتی کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :