سرمایہ کاری بورڈ شراکت داروں کی مشاورت سے کاروباری مواقع بڑھانے کے لئے ڈوئنگ بزنس پلان مرتب کر رہا ہے

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ سمیرا نذیر صدیقی کا ’’کیپٹل انوسٹمنٹ سمٹ اینڈ ایکسپو 2018ء‘‘ سے خطاب

بدھ 14 مارچ 2018 21:32

سرمایہ کاری بورڈ شراکت داروں کی مشاورت سے کاروباری مواقع بڑھانے کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)سرمایہ کاری بورڈ کی سیکرٹری سمیرا نذیر صدیقی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ تمام شراکت داروں کی مشاورت سے ملک میں کاروباری آسانیوں اور کاروبار کرنے کے مواقع بڑھانے کے حوالہ سے (ڈوئنگ بزنس پلان) مرتب کر رہا ہے جس میں مختلف اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ کاروباری مواقع کے حوالہ سے پاکستان کی رینکنگ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

پاکستان گارنٹی ایکسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے زیر اہتمام تین روزہ ’’کیپٹل انوسٹمنٹ سمٹ اینڈ ایکسپو 2018ء‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت حکومت کے عزم، بنیادی اصلاحات کے پروگرام کے نتیجہ میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور یہاں پر تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اس بات کا خصوصی تذکرہ کیا کہ گذشتہ چند سال کے دوران پاکستان کی سرمائے کی مارکیٹ مسلسل ترقی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل نے حال ہی میں پاکستان کی مارکیٹ کو فرنٹیئر مارکیٹ سے ایمرجنگ مارکیٹ کا درجہ دیا ہے جو قومی معیشت کی تیزی سے ترقی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی نظر میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ اپنی کارکردگی اور مسلسل بہتری سے مقبول ہو رہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے حوالہ سے ایک کھلی مارکیٹ ہے اور یہاں پر سرمایہ کاری کے مکمل قانونی تحفظ کے ساتھ ساتھ منافع جات کی منتقلی پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام شعبوں میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کی اجازت ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار 100 فیصد ایکویٹی رکھ سکتے ہیں اور یہاں پر کاروبار شروع کرنا انتہائی آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون ایکٹ 2012ء ہماری سرمایہ کاری پالیسی کی بنیاد ہے اور خصوصی اقتصادی زون کے قانون کے تحت کئی طرح کی مالی مراعات کی پیشکش کی جاتی ہے اور سرمایہ کاروں کو ان خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکس میں 10 سال کیلئے چھوٹ دی جا رہی ہے۔

کاروباری ماحول کے حوالہ سے سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ حکومت پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور نجی شعبہ میں مقابلہ بازی کے رجحان کے فروغ کے ذریعے ملک میں کاروباری ماحول کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالہ سے جامع پالیسی کی ضرورت ہے اور مقامی و غیر مقامی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری آسانیوں میں مزید اضافہ کے حوالہ سے ملک میں پہلے سے قانون سازی کی جا چکی ہے جبکہ سرمایہ کاری بورڈ شراکت داروں کی مشاورت سے اس سلسلہ میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کیلئے پرعزم ہے۔