امریکی قونصلیٹ کا اسپیشل ایتھلیٹس کے ساتھ پیرالمپکس کے فروغ کے لیے اسپورٹس ڈپلومیسی ایونٹ کا انعقاد

بدھ 14 مارچ 2018 21:28

امریکی قونصلیٹ کا اسپیشل ایتھلیٹس کے ساتھ پیرالمپکس کے فروغ کے لیے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء)قائم مقام امریکی قونصل جنرل جان وارنر نے گزشتہ روز منعقد کیے گئے پیرالمپکس اسپورٹس ڈپلومیسی ایونٹ میں پیرا اسپورٹس پاکستان کے 70 کے قریب اسپیشل ایتھلیٹس کا استقبال کیا، ان کھلاڑیوں کے ہمراہ ان کے والدین اور انسٹرکٹر بھی تھے۔اسپیشل کھلاڑیوں، قونصلیٹ کے افسروں اور اہل کاروں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جن میں 7 رکنی ٹیموں کے درمیان فٹ بال کا مقابلہ، ویل چیئر ٹینس، بلائنڈ کرکٹ اور دیگر مقابلے شامل تھے۔

یہ ایونٹ پیانگ چانگ کوریا میں مارچ 9 سے 18 تک ہونے والے عالمی پیرا لمپکس 2018 کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔یہ پروگرام امریکی قونصلیٹ جنرل کے اسپورٹس ڈپلومیسی سیریز کا حصہ تھا جس کا مقصد ایسے خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جن کو معاشرے میں روایتی طور پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام قونصل جنرل جان وارنر کا کہنا تھا کہ پیرالمپکس صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں بلکہ اس سے برتر ہیں۔

پیرالمپکس میں صرف سب سے تیز ہونا یا سب سے زیادہ پوائنٹ اسکور کرنا اہم نہیں بلکہ ٹیم کا حصہ ہونا اور اپنی مہارت کا بھرپور استعمال اہم ہے۔ ان کھلاڑیوں نے جن صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ ہمیں بحیثیت کھلاڑی ہی نہیں بحیثیت انسان بھی بہت کچھ سکھاتا ہے۔ مجھے ان تمام شرکا پر فخر ہے اور آج یہ سب فاتح ہیں۔پیرا اسپورٹس پاکستان کے صدر خالد رحمانی کا کہنا تھا کہ یہ اسپیشل ایتھلیٹ اصل ہیرو ہیں، میرا ان سب کو مشورہ ہے کہ اپنا چہرہ ہمیشہ امید کے سورج کی طرف رکھیں تاکہ ناکامی کے سائے ان سے پیچھے رہیں۔ ہم سب کے لیے زندگی میں اصل معذوری برا رویہ ہوتا ہے۔