عوامی شکایات پر نوٹس، چیئرمین نادرا نے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف ،ڈی جی سندھ کا تبادلہ کردیا

چیئرمین کی عوام کی سہولت کیلئے کراچی میں نادراسنٹرز صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی ہدایت

بدھ 14 مارچ 2018 21:13

عوامی شکایات پر نوٹس، چیئرمین نادرا نے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف ،ڈی جی سندھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) چیئرمین نادرا عثمان مبین نے عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف جبکہ ڈی جی سندھ کا تبادلہ کرتے ہوئے کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو بھی دفاتر کھولے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان نادرا کے مطابق چیئرمین نادرا عثمان مبین نے گزشتہ روز کراچی کے مختلف نادرا سینٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سائلین سے ان کے مسائل سنے اورموقع پر مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

چیئرمین نادرا رات گئے ڈیفنس کے میگا سینٹر پر بغیر اطلاع پہنچے تو شناختی کارڈ کے حصول کیلئے طویل قطار میں کھڑے ہوئے تھے۔ چیئرمین نادرا نے اعلیٰ افسران کو موقع پر طلب کرکے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سنٹر کے پورے عملے کو تبدیل اور عوامی شکایات پر چار سنٹرز کے انچارج کو معطل کردیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین نادرا نے کراچی میں شناختی کارڈ کے حصول میں دشواریوں اور عوامی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو بھی برطرف اور ڈی جی سندھ کا تبادلہ کردیا۔

چیئرمین نادرا نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کیلئے کراچی میں نادراسنٹرز صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلے رکھے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ سائلین کے ساتھ ایسا سلوک قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل اور سہولت کیلئے نادرا دفاتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رکھیں جائیں۔چیئرمین نے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے نادرا میں اعلیٰ کارکردگی کا ریکارڈ رکھنے والے افسران کو کراچی طلب کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :