کامسیٹس اور پی آئی ڈی ایف کے درمیان مشترکہ تحقیق اور سنٹر آف ایکسیلینس کو مستحکم کرنے سے متعلق معاہدہ طے پا گیا

بدھ 14 مارچ 2018 20:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)جنوب میں پائیدار ترقی کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق کمیشن (کامسیٹس) اور پیسفک آئی لینڈ ڈویلپمنٹ فورم (پی آئی ڈی ایف) کے درمیان مشترکہ تحقیق اور سنٹر آف ایکسیلینس کو مستحکم کرنے سے متعلق معاہدہ طے پا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی اور سیکرٹری جنرل پی آئی ڈی ایف فرانکوئس مارٹل نے معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

کامسیٹس رکن ملکوں کے سفیر،مقامی سائنس و ٹیکنالوجی جامعات کے وائس چانسلرز، حکومتی اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر نائلہ چوہان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ کامسیٹس سیکرٹریٹ کی ایڈوائزر فوزیہ نسرین نے اس موقع پر کمیشن اور پی آئی ڈی ایف کے مابین تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے رکن ملکوں میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے کمیونٹی سطح ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری جنرل پی آئی ڈی ایف فرانکوئس مارٹل نے اس موقع پر کہا کہ کامسیٹس اور پی آئی ڈی ایف کے درمیان تعاون ساوتھ ساوتھ تعاون کیلئے اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں اداروں کے مابین دوستی کا واضح پیغام ہے۔