وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیرخان نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن آرگنائزیشن بل2018 قومی اسمبلی میں پیش کردیا

بدھ 14 مارچ 2018 19:46

وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیرخان نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن آرگنائزیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیرخان نے بدھ کو جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن آرگنائزیشن (جے ایم آئی او)بل2018 قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔ جے ایم آئی او تمام متعلقہ شراکت داروں کو سمندری امور سے متعلقہ اطلاعات اورمعلومات اکٹھی کرے گا اورمتعلقہ شراکت داروں تک پہنچائے گا۔کیونکہ اس میں کئی شراکتدار اورادارے ایسے ہیں جن کی مخصوص کمانڈ اورتنظیمی ڈھانچہ ہوتا ہے اس لئے پارلیمنٹ کی طرف سے اس بل کی منظوری اور تمام اداروں کی یکجائی کیلئے ناگزیرہے۔

موجودہ عالمی ماحول میں میری ٹائم سکیورٹی بہت زیادہ اہمیت اختیارکرگئی ہے جبکہ سمندروں میں جوبڑے خطرات لاحق ہوتے ہیں ان میں قذاقی ،مجرمانہ سرگرمیاں، غیرقانونی ماہی گیری ،منشیات اورانسانوں کی سمگلنگ اوراسلحہ وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ خطرات ریاست کیلئے غیرمتناسب صورتحال اختیارکرسکتے ہیں ان حالات میں ان خطرات سے میری ٹائم سکیورٹی کے ذمہ دار مختلف اداروں کو بروقت چوکنا ہونے میں مدد ملے گی۔

جوکہ فوری طورپرپیداہونے والی صورتحال سے مربوط اورموثر طورپر نمٹ سکیں گے۔ اسی نظریہ کے تحت کئی میری ٹائم سکیورٹی اداروں کی اکثریت پہلے ہی دوبارہ ڈھانچہ جاتی تشکیل کرچکے ہیں۔ پاکستان نیوی نے 2012ء میں جے ایم آئی او کا تصور دیا تاکہ میری ٹائم سے متعلقہ تمام معلومات تمام شراکت داروں کو دینے کیلئے باقاعدہ طورپر میکنزم بنایاجاسکے۔ جس کے نتیجے میں پاکستان نیوی کے تحت پی این ایس قاسم کراچی پر7فروری2013ء میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سنٹر قائم کیا تھا۔