انڈر23 خیبر پختونخوا گیمزمردان ریجن میں مقابلوں کا آغاز،،کمشنر مردان نے مقابلوں کاباضابطہ افتتاح پہلے روز مردان کی برتری

بدھ 14 مارچ 2018 19:46

انڈر23 خیبر پختونخوا گیمزمردان ریجن میں مقابلوں کا آغاز،،کمشنر مردان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انڈر23خیبر پختونخوا گیمز2018 کے سلسلے میں گزشتہ روز مردان سپورٹس کمپلیکس میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا آغاز ہوگیا ‘کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیاان کے ہمراہ ناظم مردان حمایت اللہ مایار‘ ڈی جی سپورٹس جنید خان ‘ڈائریکٹر آپریشنز سید ثقلین شاہ‘ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا ‘اے ڈی سپورٹس نعمت اللہ ‘منیر عباس‘ڈی ایس او کاشف خان‘ طارق خان‘ اسماعیل خان‘ اسد رحمان ‘ذاکر خان ‘ایڈمن آفیسر جعفر شاہ‘حامد خان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘ان مقابلوں میں مردان نے علاوہ صوابی ‘بونیر اور ملاکنڈ سے 15 مختلف کھیلوں کے ایونٹس میں 600 سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں‘مقابلوں کے پہلے روز رسی کشی کا ٹائٹل مردان نے جیت لیا مردان نے فائنل میں صوابی کو شکست دی ‘قبل ازیں سیمی فائنل میں مردان نے بونیر اور صوابی نے ملاکنڈ کو شکست دی تھی‘باسکٹ بال کے مقابلوں میں صوابی نے بونیر کو پندرہ کے مقابلے میں پچیس پوائنٹس سے شکست دی ‘ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں بونیر نے صوابی کو صفر کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی جبکہ مردان نے ملاکنڈ کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے ‘ہاکی کے مقابلوں میں مردان نے ملاکنڈ کو ایک کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دی اس موقع پر ڈی جی سپورٹس جنید خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مردان سپورٹس کمپلیکس میں مختلف پراجیکٹس کے لئے بائیس کروڑ روپے اے ڈی پی میں مختص کئے گئے ہیں مردان سپورٹس کمپلیکس میں تمام جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تحصیل کی سطح کے گرائونڈز مکمل ہوچکے ہیں جس سے نوجوانوں کو آگے آنے میں بھرپور مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ مردان میں نیا سپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے حکومت صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے انڈر23 گیمز میں بارہ ہزار کھلاڑیوں کو مواقع اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تا کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔