کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے سمری سندھ حکومت کو بھیجی جاچکی ہے ،میئر کراچی

کنٹریکٹ ملازمین کو احتجاج کے بجائے حکومت سندھ کے احکامات کا انتظار کر نا چاہئے،وسیم اختر

بدھ 14 مارچ 2018 19:44

کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے سمری سندھ حکومت کو بھیجی جاچکی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے سمری سندھ حکومت کو بھیجی جاچکی ہے ، سندھ حکومت کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے پر پابندی عائد ہے لہٰذا کنٹریکٹ ملازمین کو احتجاج کے بجائے حکومت سندھ کے احکامات کا انتظار کر نا چاہئے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کنٹریکٹ ملازمین کی طرف سے اپنی ملازمت کی مستقلی کے مطالبے کے حوالے سے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ میٹروپولیٹن کمشنر اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور انہیں کنٹریکٹ ملازمین کے مسائل بشمول تنخواہوں کی ادائیگی کے معاملے کو فوری حل کرنے کی ہدایت کردی ہے تاہم ان ملازمین کی مستقلی کے لئے ہمیں سندھ حکومت کے احکامات کا انتظار ہے جونہی اس سلسلے میں کوئی پیشرفت ہوئی کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمتوں کو مستقل کرنے میں دیر نہیں لگائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین بھی ریگولر ملازمین کی طرح بلدیہ عظمیٰ کراچی کی افرادی قوت کا حصہ ہیں اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل ہوں اور وہ مکمل دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی انجام دے سکیں ، انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین سے ان کے مسائل کے حوالے سے تین مرتبہ بات چیت ہوچکی ہے اور انہیں تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہا ہے، ہماری اولین ترجیح ہے کہ تمام کنٹریکٹ ملازمین مستقل ہوں اور ان کے روزگار کو تحفظ ملے جس کے لئے ہم ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں تاہم اس حوالے سے احتجاج کرنا مناسب نہیں کیونکہ ہم خود ان ملازمین کے خیر خواہ ہیں اور ان کے لئے بہتری چاہتے ہیں ، جن کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں اب تک ادا نہیں ہوئیں ان کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں اورکنٹریکٹ ملازمین کے دیگر مسائل کو بھی جلد حل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :