ملک میں نئے کاروبار کی رجسٹریشن کو مزید آسان بنانے کے لئے ایس ای سی پی اورایف بی آر کی جانب سے مشترکہ ون ونڈو سہولت کا آغاز

بدھ 14 مارچ 2018 19:12

ملک میں نئے کاروبار کی رجسٹریشن کو مزید آسان بنانے کے لئے ایس ای سی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ملک میں نئے کاروبار کی رجسٹریشن کو مزید آسان اور سہل بنانے کے لئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مشترکہ ون ونڈو سہولت کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے اب کمپنی کی رجسٹریشن اور کمپنی کا ٹیکس رجسٹریشن نمبر ایک ساتھ حاصل کیا جا سکے گا۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر عبداللہ اور ایف بی آر کے ممبر (آئی ٹی) خواجہ عدنان ظہیرنے ایس ای سی پی کے صدر دفتر میں منعقد ہونے والی تقریب میں اس ون ونڈو سہولت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایس ای سی پی، ایف بی آر، بورڈ آف انوسٹمنٹ اور پرال کی سینئر عہدیداران موجود تھے۔ ایس ای سی پی کے چئیرمین ظفر عبداللہ نے ایس ای سی پی، ایف بی آر اور پرال کی ٹیم کو کمپنی کی رجسٹریشن اور ٹیکس نمبر کے ایک ساتھ اجراء کیلئے مشترکہ سسٹم بنانے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چئیرمین ایس ای سی پی نے شرکاء کو ملک میں کارپوٹائزیشن کے فروغ اور ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے کیلئے کی گئی اصلاحات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں جدت لانے کیلئے اداروں کی آپس میں کوارڈینیشن بہت اہم ہے اور اس طرح بہت سارے طریقہ کار کو سہل اور کم وقت میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ خواجہ عدنان نے کہا کہ دو حکومتی اداروں کے مابین تکنیکی بنیادوں پر انٹگریشن کی یہ پہلی کامیاب مثال ہے اور کوشش کی جائے گی کہ دیگر اداروں کو بھی اس نظام میں شامل کر کے نظام کو جدید اور آسان بنایا جائے۔

سرکاری محکوموں کے آپس میں تعاون سے بہت بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ بورڈ آف انوسمنٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل فرینہ مظہر نے کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ایس ای سی پی اور ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کمپنی اور ٹیکس کی رجسٹریشن کی آسانی بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے نہایت اہم ہے۔ اس موقع پر شرکاء کو ایک ویڈیو کے ذریعے کمپنی اور این ٹی این کی رجسٹریشن کے آسان طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

یہ ویڈیو ایس ای سی پی کی کمپنی رجسٹریشن آفس میں بنائی گئی تھی جس میں ہر ایک طریق کار کو واضح طور پر سمجھایا گیا ہے۔ یہ ون ونڈو سہولت ایس ای سی پی کے کمپنی رجسٹریشن کی آن لائن نظام اور ایف بی آر کے این ٹی این کی رجسٹریشن کے نظام کو انٹگریٹ کر کے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے، کمپنی رجسٹریشن کے درخواست گزار ایس ای سی پی کے ای سروسز کے پورٹل کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن کرائیں گے اور رجسٹریشن مکمل ہونے پر کمپنی کے ای میل ایڈریس پر این ٹی این نمبر موصول ہو جائے گا۔

اس سہولت کا مقصد نئے کاروبار کے آغاز کو آسان بنانا اور کارپوریٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے اور نئی کمپنی کی حکومت کی مختلف محکموں کے ساتھ رجسٹریشن کو آسان او تیز تر بنانا ہے۔ ایس ای سی پی اور آیف بی آر کی ون ونڈو سہولت ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں اہم ثابت ہو گی جبکہ اس سہولت کے آغاز سے ورلڈ بینک کی کاروبار کرنے کے لئے آسانی کے حوالے سے ریٹنگ میں بھی بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :