نائب صدر ایف پی سی سی آئی چوہدری عرفان نیپال روانہ

چھٹی تین روزہ سارک بزنس لیڈر کنکلیو2018 میں شرکت کرینگے

بدھ 14 مارچ 2018 18:49

نائب صدر ایف پی سی سی آئی چوہدری عرفان نیپال روانہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2018ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین چوہدری عرفان یوسف کھٹمنڈو نیپال میں منعقد ہونے والی چھٹی تین روزہ سارک بزنس لیڈر کنکلیو2018 میں شرکت کے لئے نیپال روانہ ہوگے۔کھٹمنڈو روانگی سے قبل چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ نکلیو کا مقصد زراعت، صنعت اور توانائی میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش اور مختلف شعبہ جات میں ممبر ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین روزہ ایونٹ کا افتتاح نیپالی وزیر اعظم کے پی شرما اولی کرینگے جبکہ جنوبی ایشیائی اقتصادی اور سیاسی امور کے ماہرین، اہم کاروباری رہنما، سیاستدان، رائے ساز، سارک ممالک کے نجی شعبوں کے اعلی عہدیدار، ممتاز دانشور سارک ممالک کے مابین بزنس اور تجارت میں اضافے کی راہ میں حائل مسائل اور مشکلات اور ان کے حل پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1990 کی دہائی کے آغاز سے سارک نے علاقائی اقتصادی انضمام کو بڑھانے کے لئے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ اس ضمن میں سارک علاقائی ٹریڈنگ آرگنائزیشن (SAPTA)، جنوبی ایشیائی فری ٹریڈ ایریا (SAFTA)، اور حال ہی میں تجارتی خدمات پر سارک معاہدہ (SATIS) قابل ذکر ہیں۔ ان معاہدوں کے بعد کے اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ ممبر ممالک کے درمیان علاقائی تجارت فروغ پذیر ہے۔

عرفان یوسف نے مزید کہاکہ جنوبی ایشیا دنیا میں سب سے تیز رفتار ترقی پذیر خطہ ہے لیکن اب بھی ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں جن میں داخلی چیلنجز کے علاوہ پالیسی اور مالیاتی خطرات بھی شامل ہیں۔ تمام جنوبی ایشیائی ممالک نے اپنے غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلقہ قوانین کو لبرلائز کیا ہے اور وہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لئے فعال طور پر مقابلہ کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود خطے کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بزنس مینوں میں مشترکہ منصوبے نہ ہونے کے برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری استحکام کیلئے جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں کا قیام از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے 12 سیشنز کے دوران ماہرین بہتر کاروباری شراکت داریوں کے قیام اور سارک ممالک کے درمیان تجارت اور بزنس کے فروغ کے لئے مختلف ماڈلز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ۔