ہمیں مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر کے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزیدمستحکم کرنا ہے ، برازیلین سفیر

دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان بہتر روابط کو فروغ دینا ہے تا کہ تجارتی و صنعتی، تکنیکی اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو ترقی دی جا سکے، نائب صدر ایف پی سی سی آئی

بدھ 14 مارچ 2018 18:49

ہمیں مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر کے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2018ء)برازیل کے سفیر ایچ ای کلاڈیو راجہ گابگیلیا لیز نے کہا ہے کہ ہمیں مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر کے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزیدمستحکم کرنا ہے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان بہتر روابط کو فروغ دینا ہے تا کہ تجارتی و صنعتی، تکنیکی اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو ترقی دی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دورہ کے موقع پر کیا ۔کمرشل قونصلر برازیل بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ برازیل نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر اپنی زرعی پیداوار کو کافی بہتر کیا ہے اور پاکستان برازیل کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون کو فروغ دے کر اپنے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر ترقی دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

نائب صدر ایف پی سی سی آئی کریم عزیز ملک اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان بہتر روابط کو فروغ دینا ہے تا کہ تجارتی و صنعتی، تکنیکی اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو ترقی دی جا سکے۔دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنا چاہئیے تا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

دونوں ممالک تجارتی وفود کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ کرنے اور ایک دوسرے کے ممالک میں تجارتی نمائشیں منعقد کرنے میں نجی شعبوں کی حوصلہ افزائی کریں جس سے باہمی تجارت میں بہتری آئے گی۔ چیئرمین کوارڈ نیشن ایف پی سی سی آئی ملک سہیل نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے لہذا برازیل کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لا کر باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو اصل صلاحیت کے مطابق فروغ دیا جا سکے۔

ماربل، ریڈی میڈ گارمنٹس، فیبرکس، چمڑے کے مصنوعات، فارماسوٹیکلز، آلات جراحی اور زرعی مصنوعات سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات برازیل کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔میٹنگ کے اختتام پر ناب صدر ایف پی سی سی آئی کریم عزیز ملک نے برازیل کے سفیر ایچ ای کلاڈیو راجہ گابگیلیا لیز کو شیلڈ پیش کی ۔اس موقع پر نائب صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ ،نائب صدر ایف پی سی سی آئی جاوید اقبال، چیئرمین کوارڈ نیشن ایف پی سی سی آئی ملک سہیل ،چیئر پرسن وویمن انٹرپینیور شپ برائے ایف پی سی سی آئی آمنہ ملک بھی ہمراہ تھے۔۔