لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فرح ملک کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی

بدھ 14 مارچ 2018 18:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد مبین نے پنجاب یونیورسٹی سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فرح ملک کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

درخواست گزارڈاکٹر رافع رفیق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے قوانین اور قواعد کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈاکٹر فرح ملک کو پنجاب یونیورسٹی سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ مقرر کر دیا، انہوں نے کہا ڈاکٹر فرح ملک کی تعیناتی سے قبل سینڈیکیٹ کی منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی، پنجاب یونیورسٹی کے قانونی مشیر وکیل ملک اویس خالد نے بتایا کہ ڈاکٹر فرح ملک 2013 ء میں ٹینیور ٹریک سسٹم کے تحت پروفیسر کے عہدے پر تعینات ہوئیں،انہوں نے کہا کہ درخواست گزار نے 4 برس بعد بدنیتی پر مبنی درخواست دی جس کا کوئی قانونی جواز نہیں،جس پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ اتنا عرصہ گزرنے کے بعد درخواست دائر کرنے کا خیال کیسے آیا،عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔