لائبریریاں نئے آئیڈیاز کی تخلیق کا بہترین ذریعہ ہیں ‘ڈاکٹر زکریا ذاکر

لائبریریوں میں گھنٹو ں بیٹھ کر زندگی کے مختلف پہلوئوں پر کتب کا مطالعہ سکالرز کو مثبت سوچ فراہم کر تا ہے ْ

بدھ 14 مارچ 2018 18:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذکریا زاکر نے کہاہے کہ لائبریریاں نئے آئیڈیاز کی تخلیق کا بہترین ذریعہ ہیں اور وہ سوچ میں تنوع اور گہرائی پیدا کرنے کا باعث بنتی ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیر اہتمام کتاب بینی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے تیسرے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر کی مرتب کردہ "Sociology: Themes and Perspectives: Reader" and "Perspectives on Gender: Reader"کے موضوعات پر شائع ہونے والی دو تصانیف پر روشنی ڈالی ۔

تقریب میں چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، فیکلٹی ممبران، لائبریرین اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا کہ دونوں کتابیں سوشیالوجی اور جینڈر سٹڈیز کے سکالرز کو سماجی معاملات کو سمجھنے میں مدد فراہم کریں گے اور ساتھ ہی مقابلے کے امتحانات دینے کے خواہشمند بھی تصانیف سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زکریا ذاکر نے کہا کہ لائبریریاں صرف گریڈ کو بہتر بنانے کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہئیں بلکہ طلباء کو اپنے مضمون کے علاوہ دوسرے مضامین سے رابطے بھی استوار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری میں مسلسل آنے سے نوجوان ذہنوں میں منفرد تحقیقی سوالات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریوں میں گھنٹو ں بیٹھ کر زندگی کے مختلف پہلوئوں پر کتب کا مطالعہ سکالرز کو مثبت سوچ فراہم کر تا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتب بینی کی عادات اپنانے سے سکالرز کی نہ صرف پڑھنے لکھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان کی سوچ میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریوں کا استعمال پڑھنے والوں کو تاریخ کے گہرے مطالعے کے لئے کارآمد ہوتی ہیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے شروع کئے گئے بک کلب پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسے مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔ چیف لائبریرین ڈاکٹر ہارون عثمانی نے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر ذکریا زاکر نے لائبریری کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔