بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سٹاف ایسوسی ایشن کے نو منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری

بدھ 14 مارچ 2018 18:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (آسا) کے نو منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری یونیورسٹی کے میل کمیپس میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ارکان سے حلف لیا۔ منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر حافظ محمد بشیر نے بطور صدر آسا حلف اٹھایا جبکہ اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور جامعہ سمیت آسا کے نو منتخب ارکان، سابق ممبران، ڈینز، ڈائریکٹرز اور اساتذہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب میں ڈاکٹر سعید بادشاہ نے آسا کے جنرل سیکریٹری، سید افضل احمد کاکاخیل نائب صدر (میل)، ڈاکٹر رخسانہ طارق نے نائب صدر (فی میل)، ڈاکٹر تیمیہ صبیحہ نے جوائنٹ سیکریٹری (فی میل)، اخلاق احمد نے جوائنٹ سیکریٹری میل، ڈاکٹر حافظ احمد حماد نے فنانس سیکرٹری، ڈاکٹر محمد ارشد ملک انفارمیشن سیکریٹری اورڈاکٹر فوزیہ سید نے بطور انفارمیشن سیکرٹری فی میل حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یو سف الدریویش نے کہا کہ اساتذہ معاشرے میں علم کی ترویج کی اہم ذمہ داری کے متحمل افراد ہوتے ہیں اور علم کے فروغ اور لوگوں کی درس و تدریس سنت محمدیؐ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی انتھک کاوشوں سے اسلامی یونیورسٹی اپنے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے سفر پر تیز ی سے گامزن ہے۔ صدر جامعہ نے اس موقع پر کہا کہ پی ایچ ڈی کرنے والے ٹیچنگ ریسرچ ایسوسی ایٹ اور لیکچررز کو اسسٹنٹ پروفیسر تعینات کرنا آئندہ دنوں جامعہ کی اولین ترجیحات میں سے ہے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ جلد خواتین اساتذہ کے لئے ایک کشادہ ڈے کیئر سینٹر بھی قائم کرے گی۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کی خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر الدریویش نے نو منتخب ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اُمید ظاہر کی کہ آسا کے ارکان کا انتخاب جامعہ کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹرحافظ محمد بشیر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ تدریسی میدان میں جامعہ کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے اور اسلامی یونیورسٹی کے اساتذہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے صدر جامعہ کی یونیورسٹی کے لئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹر الدریویش اس جامعہ سابقہ سربراہان کے مقابلے میں زیادہ تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسا صدر جامعہ اور دیگر انتظامیہ کے دست و بازو کے طور پر کام کرے گی اور بلا شبہ اسلامی یونیورسٹی کی ترقی ہی اولین ترجیح ہو گی۔

قبل ازیں سابق صدر آسا ڈاکٹرعبدالجلیل نے آسا کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی اور بھرپور تعاون پر ریکٹر جامعہ، صدر جامعہ اور اساتذہ و افسران کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر جامعہ کو آسا کی طرف سے یادگاری شیلڈ دی گئی جبکہ سابق صدر آسا ڈاکٹرعبدالجلیل اور سابق ارکان کو بھی یادگاری شیلڈ دی گئیں۔ بعد ازاں صدر جامعہ اور نو منتخب ارکان کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیاگیا جس میں صدر جامعہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔