موجودہ حکومت نے عوامی خواہشات کے مطابق عملی اقدامات اٹھائے ،گورنر سندھ

امن و امان کا قیام ، بجلی بحران کے خاتمہ اور معاشی استحکام سے آج کا پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے ،محمد زبیر

بدھ 14 مارچ 2018 17:48

موجودہ حکومت نے عوامی خواہشات کے مطابق عملی اقدامات اٹھائے ،گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے جس جمہوری نظام کو ملک کی بنیاد بنایا موجودہ حکومت اس وژن کے مطابق مستحکم پاکستان کے لئے تسلسل سے اقدامات کررہی ہے ، جمہور کی فلاح وبہبود اور ملکی ترقی و معاشی استحکام میں جمہوریت کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے، عوامی امنگوں کے مطابق حق حکمرانی قیام پاکستان کی اساس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرتی و سماجی ترقی کے لئے عوامی نمائندے عوام کے وژن کے مطابق اقدامات یقینی بنا رہے ہیں ،امن و امان کے قیام ، بجلی بحران کے خاتمہ اور معاشی استحکام کے لئے موجودہ حکومت نے عوامی خواہشات کے مطابق عملی اقدامات یقینی بنائے ہیں، ان اقدامات کے باعث آج پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہو ں نے اسلام آباد میں’’ لیڈر ان اسلام آباد ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔

کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، سیاسی رہنما،اعلیٰ حکام سمیت عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اسلام امن کا داعی اور انسانی حرمت کا واضح درس دیتا ہے بدقسمتی سے ہمارے معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کے باعث خرابیوں نے جنم لیا ، شرافت ، دیانت ، برداشت ، تحمل ، رواداری ،اور بھائی چارہ اصولی جمہوریت کے بنیاد ی اوصاف ہیں اور یہی جمہوریت کی با لادستی کے لئے لازمی تقاضہ بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرہ میں بھی جمہوریت کا ضابطہ اخلاق ہوتا ہے ،سیاسی عدم برداشت اور بداخلاقی کے افسوسناک مظاہرے سے ملک و قوم کا عالمی سطح پر امیج متاثر ہوتا ہے اس ضمن میں جمہوریت کے رہنما اصولوں کے مطابق سیاسی سرگرمیوں ، عوامی نمائندوں کے انتخاب اور عوامی فلاح وبہبود کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات پر تنقید برائے اصلاح پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ، سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے ہمیں اس خوبصورت گلدستہ کی آبیاری کے لئے بلا تفریق ملک و قوم کے مفاد کو سب سے مقدم رکھنا چاہئے۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ رہنما اپنے کاموں سے پہچانا اور عوامی سطح پر پذیرائی کا حق جانب ہوتا ہے ،سیاسی رہنمابلا تفریق عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سیاسی قائدین عوام کے لئے مشعل راہ اور کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ،عوام اپنے نمائندوں پر فخر اور انھیں اپنے روشن مستقبل کی ضمانت سمجھتے ہیں ، رہنمائوں کو عوام کے اسی وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں اقدامات اٹھانا چاہئے،معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ میں سیاسی ومذہبی رہنما اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوانوں کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے کا ر آمد شہری بنانا ہم سب کا اخلاقی فرض ہے ، یہ نوجوان قوم کا اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ،ان نوجوانوں نے ہی ملک وقوم کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اس ضمن میں سیاسی و مذہبی رہنمائوں کے رویہ ، کردار ، اقدامات اور سیرت ان نوجوانوں کو قابل فخر پاکستانی بنانے میں اہم ثابت ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ایک بار پھر قوم کو اپنے نمائندے چننے کا موقع حاصل ہوگا جس میں عوام اپنے روشن مستقبل کے لئے نمائندوں کو اسمبلی کے لئے منتخب کرینگے قوم کو اپنے نمائندوں سے بڑی توقعات اور امیدیں وابستہ ہوتی ہیں رہنمائوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے کردار سے یہ ثابت کریں کہ عوام نے ان کا انتخاب درست کیا ہے اس ضمن میں عوامی فلاح وبہبود کے لئے بلا تفریق جذبہ حب الوطنی سے ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں موجودہ حکومت نے پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن کے مطابق اقدامات اٹھائے جس سے عوام کو زبردست ریلیف حاصل ہوا ،صوبہ سندھ کے متعدد اضلاع میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی فنڈ ز سے ترقیاتی کام جاری ہیں ، ملک کی معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام کروارہی ہے ، شہر کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز نہ صرف ایک پیج پر ہیں بلکہ وہ اس ضمن میں بھرپور اقدامات بھی یقینی بنا رہے ہیں ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں کانفرنس کے میزبان اظفر احسن نے اس کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔